ٹائمزہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی امپیکٹ رینکنگ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو تیزی سے اُبھرتی ہوئی جامعات کی فہرست میں اقوام متحدہ کی طرف ے دنیا بھر کیلئے پائیدار ترقی کے ہدف نمبر17پارٹنرشپ فار گولز میں غیرمعمولی پیش رفت کے حوالے سے دنیا کی 487جامعات میں سے 61ویں جبکہ پاکستان کی پہلی جامعہ قرار دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے 2030ءتک پائیدار ترقی کے 17اہداف مقرر کئے گئے ہیں جن کے حصول کیلئے ہر ملک اور اس کے ادارے سنجیدہ کاوشیں بروئے کارلا رہے ہیں اوراسی پائیدار ترقی کے ہدف نمبر13کلائمیٹ ایکشن پر زرعی یونیورسٹی کو دنیا 257ویں جامعات کی فہرست میں 77ویں اور ملک کی دوسری بہترین جامعہ قرار دیا گیا ہے ۔ اس طرح عالمی سطح پر اوورآل رینکنگ میں زرعی یونیورسٹی کو دنیا بھر کی 462جامعات میں سے 201ویں اور ملک کی دوسری بہترین یونیورسٹی کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے ٹائمز ہائرایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی امپیکٹ رینکنگ میں ملک بھر میں مثالی کامیابیوں پر یونیورسٹی کے اساتذہ‘ انتظامی سٹاف اور طلباءو طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مزید بہتر نتائج کیلئے محنت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں جلد ہی ایسا سسٹم متعارف کروا دیا جائے گا جس کے ذریعے ملازمین ‘طلبہ اور دوسرے متعلقین کے کاموں کو ون ونڈوسہولت کی بدولت تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا ۔