پاکستان انٹومالوجیکل سوسائٹی ‘شعبہ انٹومالوجی اور کورٹیوا ایگری سائنس کے اشتراک سے منعقد ہونے والی کانگریس میں پاکستان سمیت چین اور ترکی کے ماہرین انٹومالوجی کے شعبہ میں نئے چیلنجزاور ان کے دیرپا و پائیدار حل پر اپنے تحقیقی مقالے پڑھنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے نئے رجحانات پر بھی غور وخوض کریں گے۔ پاکستان انٹومالوجیکل سوسائٹی کے صدر پروفیسر(ر) حافظ عبدالقیوم‘ سینئرنائب صدر ڈاکٹر منصور الحسن ‘ نائب صدر ڈاکٹر جلال عارف اور کانگریس سیکرٹری ڈاکٹر سہیل احمد پر مبنی آرگنائزنگ کمیٹی کانگریس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ 08اپریل کو کانگریس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر و بیت المال چوہدری محمد اجمل چیمہ جبکہ مہمان اعزاز صوبائی وزیرانوائرمنٹل پروٹیکشن باﺅمحمد رضوان ہونگے۔ کانگریس کے دوسرے روز 09اپریل کو پاکستان میں جمہوریہ چین کے سفیر مسٹر یاﺅ جنگ اور ریلوے کے پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب بھی خصوصی طور پر شریک ہونگے جو یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ ہوبے اکیڈمی آف سائنسز چائنہ اور چی چانگ یونیورسٹی کے ساتھ کپاس کی گلابی سنڈی اور فیکلٹی و سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام پر مبنی معاہدے پر بھی دستخط کریں گے۔ علاوہ ازیں غازی یونیورسٹی ڈی جی خاں کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد طفیل ‘ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف علی خاں‘ یونیورسٹی آف صوابی کے وائس چانسلرڈاکٹر امتیازعلی خاں‘ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ضیاءالقیوم‘ یونیورسٹی آف ہری پور کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر عابد فرید اور یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد فہیم ملک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبداللہ اور ڈائریکٹر جنرل ایگری ایکسٹینشن ڈاکٹر انجم علی بٹر کانفرنس کے نمایاں مقررین میں شامل ہونگے۔ کانگریس میں انٹومالوجی کی تعلیم وتحقیق سے وابستہ اداورں اور جامعات کے سینکڑوں طلباءو طالبات ‘ اساتذہ اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تناظر میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباداور وفاقی وزارت صحت‘ ریگولیشنز و کوارڈی نیشنزمیں ٹوبیکوسموک فری سٹیز پراجیکٹ کے مابین سگریٹ نوشی اور منشیات کی حوصلہ شکنی کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔اس حوالے سے دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو سنڈیکیٹ روم میںہونے والی تقریب میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا اور وزارت صحت حکومت پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر منہاج السراج نے دستخط کئے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ اگر کراپ رپوٹنگ یا دوسرے ذمہ دار اداروں کی جانب سے تمباکوکاشت کئے جانیوالے علاقوں کی نشاندہی کی جائے تو یونیورسٹی کے ماہرین ان علاقوں میں منافع بخش متبادل فصلات کی کاشت کو رواج دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپس میں سگریٹ اور کولڈ ڈرنکس کی فروخت سختی سے ممنوع قرار دی گئی ہے اور سگریٹ نوشی کے مرتکب افراد کو دو ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کیمپس کو سموکنگ فری بنانے کیلئے ہر سطح پر جانے کیلئے تیار ہے تاکہ نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھتے ہوئے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں کردار ادا کیا جا سکے۔ اس موقع پر میئر فیصل آباد سٹی عبدالرزاق ملک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی لگانے کیلئے قانون سازی کی جائے ۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسرعلی رضا ‘ یونیورسٹی کے ناظم اُمور طلبہ ڈاکٹر شہباز طالب ساہی اور ناظم بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد بھی موجود تھے۔