یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ناظم اُمور طلبہ ڈاکٹر شہباز طالب ساہی نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے اشتراک سے جشن بہاراں کے سلسلہ میں منعقدہ لیبارٹری سکول و کالج سسٹم ‘ سینئر ٹیوٹر آفس اور شعبہ تعلقات عامہ کے اشتراک سے ”پھول میرا وطن“ پروگرام کے مہمان خصوصی کے طو رپر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے جس دن ہم قائد اعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒکے وضع کردہ اصولوںاور افکار کے مطابق ہر شخص کو قانون کی نظر میں برابردیکھ کر سلوک کریں گے اسی دن معاملات میں نمایاں بہتری کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ موسم بہار رنگوں‘ خوبصورتیوں اور توانائی کے ساتھ اُمید اور طمانیت کے ساتھ زندگی کو آگے بڑھانے کا پیغام دیتا ہے لیکن آج کے نوجوانوں کا بیشتر وقت انٹرنیٹ اور انڈرائیڈ فونز کی نذر ہوکر رہ گیا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طر ف لاتے ہوئے ان کا رخ تعمیری کاموں کی طرف کیا جائے ۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید خا ں نے کہا کہ ان کی زیرنگرانی دو درجن سے زائد کلب اور سوسائٹیاں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے انہیں عملی زندگی میں کامیاب انسان بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ قراداد پاکستان ایک ایسی جامع دستاویز تھی جس نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کیلئے اپنی مذہبی و معاشرتی روایات اور اسلامی تعلیمات کے مطابق علیحدہ مملکت کے قیام کی راہ ہموار کی۔شعبہ تعلقات عامہ کے ڈپٹی رجسٹرار سید قمر بخاری نے آزادی کو ایک عظیم نعمت سے تعبیر کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنے روزمرہ معمولات میں قیام پاکستان کے مقاصد اور اس کی پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے اپنے کردار سے ہرگزغافل نہ رہیں بلکہ اپنی تمام ترتوانائیاں اس مملکت خداداد کی ترقی اور خوشحالی کیلئے صرف کرنے کو ہی اپنا مقصد حیات بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک خوبصورت سماجی اور معاشرتی روایات کے امین ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ نوجوان ان روایات کو مزید توانائی سے آگے بڑھائیں گے۔ پروگرام میں لیبارٹری سکولز و کالج سسٹم کے طلبہ نے یوم پاکستان کے حوالے سے خوبصورت اور فکر انگیز ڈرامائی خاکے اور ملی نغموں پر خوبصورت پرفارمنس بھی پیش کئے۔