موٹرپول پر موسم بہار کی شجرکاری میں پودا لگاتے ہوئے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی ٹریژرطارق سعید نے کہا کہ وہ موسم بہار میں موٹر پول کے اطراف میں سینکڑوں درخت لگانے کے آرزومند ہیں تاکہ گاڑیوں کے دھویں اور انجنوں میں ڈیزل و پٹرول کے استعمال سے ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کو کم کیا جا سکے۔ وزیراعظم پاکستان کے گرین و کلین پاکستان پروگرام کو سراہتے ہوئے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مہم کی کامیابی سے پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے درپیش چیلنجز کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران جنگلات کے ہوش ربا کٹاﺅ اور نئے درخت لگانے میں کی جانیوالی غفلت کی وجہ سے 25فیصد جنگلات کی کم سے کم شرح کے مقابلے میں پاکستان میں جنگلات کی شرح تشویشناک حد تک کم ہوتی جا رہی تھی تاہم موجودہ حکومت کی سنجیدہ کاوشوں سے حالات میں خاطر خواہ بہتری آئے گی ۔ اس موقع پر انچارج موٹر پول محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ وہ یونیورسٹی موٹر پول کو تمام حوالوں سے ایک مثالی سسٹم سے منسلک کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے انہیں یونیورسٹی انتظامیہ اور سٹاف کی مدددرکار ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ 18بسیں طلباءو طالبات کو دور دراز علاقوں سے یونیورسٹی لانے اور داپس چھوڑنے کیلئے مختص ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر پول کا ہر سٹاف ممبر اپنے ہاتھوں سے موٹر پول کے اطراف میں درخت لگانے کی مہم کا حصہ ہوگا۔ شجرکاری تقریب میں ڈپٹی رجسٹرار تعلقات عامہ سید قمر بخاری بھی موجود تھے۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سینٹ اور اکیڈمک کونسل کی خالی نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے۔ یونیورسٹی سینٹ کی 15نشستوں پر چار ایسوسی ایٹ پروفیسرز کیب کی ڈاکٹر بشری سعدیہ‘ شعبہ اگرانومی کے ڈاکٹرمحمد فرخ سلیم‘ انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و نوائرمنٹنل سائنسزکے ڈاکٹر محمد جاوید اختر‘ شعبہ پیراسٹالوجی کے ڈاکٹر راﺅ زاہد عباس بلامقابلہ سینٹرمنتخب ہوئے جبکہ چار اسسٹنٹ پروفیسرزز میں شعبہ جنگلات کے ڈاکٹر احسان الحق‘انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹینشن و رورل ڈویلپمنٹ کے ڈاکٹر اعجاز اشرف‘ نیف سیٹ کے ڈاکٹر معظم رفیق خان اور انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل و ڈیری سائنس کے ڈاکٹر شاہد الرحمن کے ساتھ ساتھ لیکچرارزمیں سے ڈاکٹر عقیلہ صغیر‘ ڈاکٹر بہادر علی کنگ‘ ڈاکٹر بلال سعید خاں‘ مسٹر محمد عارف‘ ڈاکٹر محمد اشرف‘ ڈاکٹر محمدآصف اور ڈاکٹرثناءسحربلامقابلہ سینٹر منتخب ہوئے ہیں۔ اکیڈمک کونسل میں اسسٹنٹ پروفیسرز کی خالی ہونیوالی نشستوں پر ڈاکٹر بلال اسلم اور ڈاکٹر فوزیہ سلیم جبکہ لیکچرارکی نشستوں پر محترمہ ثناءعارف اور سرمد ریحان بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے بلامقابلہ منتخب ہونے والے سینٹرز اور ممبران اکیڈمک کونسل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ ان کے تعمیری کردار اور آراءکی روشنی میں بہترین پالیسیاں ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔