زرعی یونیورسٹی نیو سنڈیکیٹ روم میں منعقدہونے والی پروقار تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا اور چائنہ زرعی یونیورسٹی بیجنگ میں کالج آف ہارٹیکلچرکے ڈین پروفیسرہان شن ہائے نے ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد‘ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز ڈاکٹر امان اللہ ملک‘ پروفیسرڈاکٹر شہزاد مقصود احمد بسرا‘ ڈاکٹر عرفان افضل‘ ڈاکٹر محمد اعظم ‘ ڈاکٹر ایوب چوہدری کی موجودگی میں دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے مشترکہ تربیتی ورکشاپس‘ تحقیقی اُمور‘ کانفرنسوں کے انعقاد کی راہ ہموار کریں گے۔ علاوہ ازیں دونوں ادارے ایک دوسرے کے ہاں ٹیچنگ و تحقیقی مواد اور سٹاف کے باہمی تبادلے میں ایک معاونت کریں گے۔ معاہدے کی دیگر تفصیلات کے مطابق دونوں ادارے انڈرگریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ طلبہ کے ساتھ ساتھ تعلیمی مواد کا بھی تبادلہ کر سکیں گے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ دونوں ادارے اپنے قیام اور سرگرمیوں کے حوالے سے خاطر خواہ مماثلت کے حامل ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ معاہدے کے بعد دونوں اداروں کے ماہرین کو ایک دوسرے کے تجربات و مشاہدات سے بہت کچھ نیا سیکھنے اور تحقیقی اُمور میں پیش رفت کا موقع ملے گا۔