فرانسیسی سفارتخانے میں سائنسی و ثقافتی اتاشی اینڈریو ڈی بزی نے ثقافتی ڈائریکٹر سٹیفن گیلارڈ کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں مقامی سطح پر پنیر کی تیاری کے ذریعے جانورپالنے والوں کی آمدن میں اضافہ اور دودھ کی محفوظ سٹوریج کے طریقہ کار پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ پوری دنیا میں پنیر کیلشیم اور فاسفورس کی وسیع مقدار کے ساتھ ساتھ منفرد ذائقے کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے اس کی مقامی سطح پر تیاری میں فرانسیسی مہارتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دودھ کو اگر مقامی سطح پر پنیر میں تبدیل کرلیا جائے تو دیہی سطح پر ایک نئی معاشی سرگرمی فروغ پا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دودھ کا زیادہ تر کاروبار بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے 3کروڑ گائے بھینسوں اور اتنی ہی تعداد میں بھیڑ بکریوں کے باوجود عوام تک خالص دودھ نہیں پہنچ پاتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سال 3ارب ڈالر سے زائد سرمایہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ کر دیتا ہے جس کی پاکستان میں کاشت کو رواج دے کر کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور خوردنی تیل کے درآمدی بل میں اربوں روپے کی بچت ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس کے ڈین پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ ملک کی لگ بھگ آدھی آبادی غذائی کمی کا شکار ہے اور یونیورسٹی میں ہیومن نیوٹریشن و ڈائی ٹیٹکس ڈگری پروگرام کے ذریعے نیوٹریشن کے شعبہ میں باصلاحیت نوجوان افرادی قوت کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فرنچ کورس کے دو مرحلے مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا کہ آئندہ ماہ فرنچ لینگوئج کورس کی نئی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔