یہ باتیں پاکستان میں تعینات نائیجرین ہائی کمشنرمیجر جنرل (ر) اشیماﺅ اے اولنیائی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا اور ڈینز و ڈائریکٹرز سے ملاقات میں کہیں۔ نائیجرین ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی طرح ان کے ملک کی شرح نمو میں بھی زراعت اہم حصہ دار ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ نائیجریا میں زراعت کو میکانائیزکرنے اور فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانے کیلئے پاکستانی ماہرین کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نائیجریا کو دوسری زرعی اجناس کے ساتھ ساتھ کپاس کی بیماریوں اور اس پر حملہ آور کیڑوں کے نقصان کے حوالے سے پاکستان جیسے حالات کا سامنا ہے لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سائنس دانوں کے ساتھ تعاون دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 1960ءاور 80ءکی دہائی میں درجنوں پاکستانی ماہرین جن میں زرعی یونیورسٹی کے سائنس دان بھی شامل تھے‘ نے نائیجریا میں زرعی ترقی کیلئے اہم کام سرانجا م د یا تھا اور وہ چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی کے ساتھ اساتذہ و طلبہ کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ اہداف کی نشاندہی کیلئے جلد ہی نائیجرین زرعی جامعات کا وفد یونیورسٹی بھیجا جائے تاکہ باہمی تعاون کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا جا سکے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے نائیجرین ہائی کمشنرکوزراعت و لائیوسٹاک‘ ویٹرنری اورپولٹری سائنس کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کونائیجریا کی زرعی ترقی میں حصہ ڈالنے پر خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2017ءمیں نائیجرین سٹیٹ ابوجا کے گورنر اور دوسرے ذمہ داران نے یونیورسٹی کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کے سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں جس میں تعاون کے مزید پہلوﺅں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہرچند 1980ءکی دہائی میں یونیورسٹی کے تین درجن سے زائد ماہرین نائیجریامیں قیام کے دورن ان کی زرعی و معاشی شرح نمو میں اضافہ کیلئے خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور مستقبل میں بھی برادر اسلامی ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے سائنس دان ترقی یافتہ و ترقی پذیر ممالک کے درجنوں اداروں کے ساتھ مفاہمت کے سمجھوتوں کو آگے بڑھاتے ہوئے باہمی تعاون کو نئی جہتوں سے ہمکنار کر رہے ہیںجس کی وجہ سے یونیورسٹی کی پوری دنیا میں موثر نیٹ ورکنگ پاکستان کیلئے نیک شگون ثابت ہورہی ہے۔ اجلاس میں رجسٹرار چوہدری محمد حسین‘ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ ڈاکٹر اللہ بخش‘ ڈین کلیہ اُمور بیطاری ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد بھی موجود تھے۔