ڈین کلیہ فوڈ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ اور ڈاکٹر رضوا ن کے ہمراہ فرانسیسی کونسلر برائے تعاون و ثقافتی ا ُمور آندغے دبوسی نے کہا کہ دونوں ممالک کئی دہائیوں سے تعلیم و تحقیق اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور ان کا ملک پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین زراعت کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل اور ثقافتی شعبوں کو بھی باہمی تعاون کے فروغ کیلئے اہم بنیاد بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفارتخانہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں فوڈ سائنسز کے ماہرین کے ذریعے پاکستان میں نچلی سطح پر دودھ سے پنیربنانے کی ٹیکنالوجی کو رواج دینے کا خواہش مند ہے جس کے ذریعے دور دراز دیہی علاقوں میں رہنے والے کسانوں کیلئے دودھ کے مقابلے میں پنیر بناکر شہری مارکیٹ میں فروخت کرنے میں زیادہ منافع حاصل کرنے کا شعور و تربیت ان تک پہنچائی جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں فرانسیسی زبان سیکھانے کا مرکز قائم کیاگیا ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو فرانسیسی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے قابل بنایا جا سکے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے مہمان کونسلر کو یونیورسٹی کی عمومی تعلیمی وتحقیقی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کے 700سے زائد اساتذہ میں سے 480پی ایچ ڈی ڈگری کے حامل ہیں اور فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بیشتر اساتذہ فرنچ اداروں سے تربیت یافتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ یونیورسٹی میں امریکہ ‘ چین ‘ فرانس ‘ جاپان ‘جرمنی اور یورپی ممالک سے پی ایچ ڈی حاصل کرنے والے ا ساتذہ کو ایک پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کیلئے مختلف کلب بنا رہے ہیں تاکہ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھانے اور نوجوانوں کیلئے رہنمائی کا ذریعہ بنایا جا سکے۔ ڈین کلیہ فوڈ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے بتایا کہ یونیورسٹی میں قائم کئے گئے فرنچ لینگوئج سینٹر کے ذریعے ایک سو سے زائد نوجوانوں کو فرانسیسی زبان و ثقافت سے آگاہی فراہم کی گئی جو ان کیلئے فرنچ اداروں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے مددگار ثابت ہوئی۔