کلیہ زراعت میں دی ایگریرین سوسائٹی کی نئی کابینہ کی تقریب حلف برداری میں مہمان خصوصی کے طو رپر خطاب میں ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ ہرچند وہ خود زمانہ طالب علمی میں کلیہ ویٹرنری سائنس کی آرٹ و لٹریری سوسائٹی کے بانیوں میں شامل تھے جو آج بھی ویٹرنری سائنس کی سطح پر ایک متحرک اور جاندار سوسائٹی کے طورپر جانی جاتی ہے تاہم آج وہ سمجھتے ہیں کہ جامعہ کی سطح پر طلبہ کی رہنمائی‘ رضاکارانہ خدمات اور تعمیری سرگرمیوں کے حوالے سے دی ایگریرین سوسائٹی کا سورج سر چڑھ کر بول رہا ہے جواس کے ایڈوائزری بورڈ کے اراکین اور نوجوان قیادت و اراکین کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ اس سوسائٹی میں باصلاحیت‘ ذہین اور خدمت کے جذبے سے بھرپور نوجوان شامل ہیں جس کی قیادت کیلئے اُمیدواروں میں سخت مقابلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ تقریب حلف برداری کے بعد نوجوان اس وعدے میں شامل تمام الفاظ کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اپنی تمام صلاحیتیں بلاکسی خوف و لالچ کے صرف خدمت انسانیت کے جذبے سے بروئے کا رلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کلیہ زراعت کی طرف سے طلبہ کیلئے دی ایگریرین سوسائٹی کے پلیٹ فارم کی فراہمی نوجوانوں کی توانائیوں کو تعمیری سمت کی فراہمی کا باعث بن رہی ہے وہ سمجھتے ہیں کہ قلم اور کتاب کے رشتے میں بندھے ہوئے نوجوان اپنے کردار و عمل سے نئے آنیوالوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیوں میں شامل نوجوان نہ صرف پوری کلاس بلکہ پوری سٹوڈنٹ کمیونٹی میں اپنی امتیازی خصوصیات کی وجہ سے ہمیشہ یادرکھے جاتے ہیںاور کابینہ میں شامل طلبہ اس حوالے سے خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس عظیم کام کیلئے انہیں خدمت کا موقع دیا۔ ڈین کلیہ زراعت و پیٹرن سوسائٹی ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ عالمی سطح پر جامعات میں داخل ہونیوالے نوجوانوں کو پہلے ہی روز مختلف سوسائٹیز میں شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے اور نئے طلبہ کو مختلف سروسزاور سرگرمیوں کے پیش نظر کسی ایک سوسائٹی کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوسائٹیزمیں شامل ہوکر نوجوانوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے
کنونیئردی ایگریرین سوسائٹی ڈاکٹر شہباز طالب ساہی نے بتایا کہ 18سال قبل اس وقت کے ڈین کلیہ زراعت مرحوم ڈاکٹرطاہر حسین کا لگایا ہوا پودا آج ایسا تناور درخت بن چکا ہے جس میں شمولیت اور قیادت کیلئے طلبہ کے مابین سخت مقابلہ ہوتا ہے۔ تقریب سے دی ایگریرین سوسائٹی کے سابق پیٹرن وچیف ہال وارڈن ڈاکٹر امجد اولکھ‘ نئی کابینہ کے صدر محمد عرفان اور سیکرٹری احمد مختار نے بھی خطاب کیا۔