یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر آصف تنویر اور انچارج روورزسکاﺅٹس گروپ ڈاکٹر احمد ستار خاں کے ہمراہ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے سکاﺅٹس کی خدمات کوخاص طور پر سراہا۔ انہوں نے کیمپ کے انعقاد کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں آئیوڈین ملے نمک کا اندھادھند استعمال لوگوں کی خوراک کو جسم کا حصہ بنانے کے بجائے صحت کے جملہ عوارض کا باعث بن رہا ہے لہٰذا ماہرین غذائیات کو چاہئے کہ اس حوالے سے لوگوں میں شعور اُجاگر کریں کہ ہر انسان میں آئیوڈین کی چنداں کمی نہیںلہٰذا یہ نمک صرف ایسے لوگوں کو استعمال کروایا جائے جنہیںاس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی سفارش کے بغیر آئیوڈین ملے نمک کے استعمال سے انسانی جسم کا پورا نظام متاثر ہورہا ہے لہٰذا آئیوڈین ملے نمک کا ڈاکٹر کی سفارش کے بغیراستعمال کرنے والے افراد کو فوری طور پر اپنی تھائی رائیڈپروفائلنگ کے ساتھ ساتھ وٹامن ڈی اور وٹامن بی 12کا ٹیسٹ ضرور کروانا چاہئے تاکہ ممکنہ خرابی کابروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے چیئرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر محمد اشفاق پر زور دیا کہ شام کو ہاسٹل میں مقیم طلبہ کی گراﺅنڈز میں حاضری یقینی بنائیں تاکہ وہ ذرخیزذہن کے ساتھ ساتھ تندرست جسم کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ اُمور کو آگے بڑھا سکیں۔ انہوں نے روورز سکاﺅٹس کے انچارج ڈاکٹر احمد ستار خاں کو ہدایت کی کہ نوجوان لڑکوں پر مشتمل سکاﺅٹس کے ساتھ ساتھ گرل گائیڈزکا پلیٹ فارم بھی مہیا کریں تاکہ طالبات بھی خدمت کے جذبے کے ساتھ معاشرے میں اپنا تعمیری کردار ادا کر سکیں۔ایگری ورسٹی روورز سکاﺅٹس کا بلڈ گروپنگ و سکریننگ کیمپ کل بھی جاری رہے گا جس میں طلباءوطالبات کے بلڈ گروپ بالکل فری جبکہ ہیپاٹائٹس کے حوالے سے ٹیسٹ معمولی ادائیگی پر کئے جا رہے ہیں۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کلیہ ویٹرنری سائنس کے زیراہتمام ملک بھر میں ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن کی حامل جامعات کے طلباءوطالبات کے پلیٹ فارم آرٹ و لٹریری فورم کے زیراہتمام منعقدہ لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی تھے جبکہ تمام کلیہ جات کے ڈینز نے تقریب میں شرکت کی۔ لٹریری فیسٹیول میں طلباءو طالبات نے قرا ¿ت و نعت‘ موسیقی‘ ڈرامہ نگاری‘ بیت بازی اور کلچرل پرفارمنس کے مقابلوں میں شرکت کی۔ نتائج کے مطابق قرا ¿ت میں کالج آف ویٹرنری و اینمل سائنسز جھنگ کے عابد ذیشان نے پہلی‘ گومل یونیورسٹی کے حافظ عثمان اور فتح اللہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ نعت خوانی میں گومل یونیورسٹی کے فتح اللہ نے پہلی‘ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی اقصیٰ فاطمہ اور عطاءالمصطفی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کالج آف ویٹرنری و اینمل سائنس جھنگ کے جنید بابر اُردو تقریر کے فاتح رہے جبکہ دوسری پوزیشن اسی کالج کے حافظ عبدالحفیظ اور تیسری پوزیشن گومل یونیورسٹی کے علی زین العابدین کے حصے میں آئی۔ موسیقی کا مقابلہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاوپور کے مصدق یونس نے جیتا جبکہ اسی یونیورسٹی کی اقصیٰ فاطمہ نے دوسری اور بارانی زرعی یونیورسٹی کے اسرار احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈرامہ نگاری میں کالج آف ویٹرنری و اینیمل سائنسز نے پہلی‘ گومل یونیورسٹی نے دوسری جبکہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔بیت بازی کے مقابلے میں کالج آف ویٹرنری و اینمل سائنسز جھنگ نے پہلی‘ گومل یونیورسٹی نے دوسری جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈانس میں بارانی زرعی یونیورسٹی کے شاہ زیب نے پہلی‘ گومل نے دوسری اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لٹریری فیسٹیول میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور‘ گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان‘ پیرمہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی‘ لسبیلہ یونیورسٹی آف میرین اینڈ اینیمل سائنسز اور کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز جھنگ کے طلباءوطالبات شریک تھے۔