ٹائمزرینکنگ کے تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق زرعی یونیورسٹی کو فزیکل سائنسز سبجیکٹ کیٹیگری میں یہ عالمی اعزاز پہلی مرتبہ حاصل ہورہا ہے جس کے ساتھ ساتھ لائف سائنسزکی عالمی درجہ بندی میں شامل کی گئیں751جامعات میں اسے 503ویں یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے۔ ٹائمز رینکنگ کو دنیا بھر میں سب سے معتبر اور سخت کوالٹی پیرا میٹرز کی حامل رینکنگ قرار دیا جاتا ہے جس کیلئے مقابلے میں شامل جامعات کی اعلیٰ پیمانوں پر جانچ پڑتال کے بعد درجہ بندی کی جاتی ہے۔ زرعی یونیورسٹی کو اس سے پہلے بھی شنگھائی رینکنگ‘ کیوایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ‘ نیشنل تائیوان یونیورسٹی رینکنگ‘ یو آئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ‘ انفرمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی رینکنگ اور ترکی کی اکیڈمک پرفارمنس یونیورسٹی رینکنگ میں عالمی سطح پر تیزی سے ابھرتی ہوئی جامعہ قرار دیا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کی طرف سے ایگریکلچرل سائنسز میں زرعی یونیورسٹی کو عالمی سطح پر 100بہترین جامعات کی فہرست کا حصہ بنایا جا چکا ہے جبکہ شنگھائی یونیورسٹی رینکنگ نے اسے دنیامیں 130ویں پوزیشن کی حامل جامعہ کے طورپر فہرست میں شامل کیا ہے۔ علاوہ ازیں نیشنل تائیوان یونیورسٹی رینکنگ کی طرف سے ایگریکلچرو فارسٹری میں زرعی یونیورسٹی کو دنیا کی 73ویں بہترین جامعہ کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے ٹائمز رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر اساتذہ‘ طلباءو طالبات اور ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عالمی درجہ بندی کو مستقبل کیلئے ایک چیلنج سے تعبیر کرتے ہوئے مزید محنت اور بہتر کارکردگی کی ہدایت کی ہے۔