یونیورسٹی اُمور طلبہ کے ذمہ داران اور انتظامی افسران کے ساتھ نیوسنڈیکیٹ روم میں گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہاکہ چند انتشار پسند عناصر کچھ طلباءکو اشتعال دلا کر یونیورسٹی کے حالات خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیںجنہیں پرامن تعلیمی ماحول کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا ئے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کے لئے سازگار ماحول کی راہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا اور تمام فریقین کو مشاورت کے ساتھ بہترین تعلیمی و تمدنی سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے ہرممکن اقدامات یقینی بنائی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں میرٹ‘ شفافیت اور سچے جذبوں کے فروغ کیلئے طلباءو طالبات ‘ اساتذہ اور انتظامی سٹاف کی مشاورت سے تمام مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام انتظامی دفاتر طلباءو طالبات کی سہولت کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کا رلا رہے ہیںاور تمام متعلقین کی آراءکی روشنی میں یونیورسٹی کو اس کا کھویا ہوا مقام جلد دلوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی صلاحیتوں کو صحیح اور تعمیری رخ دے کر ملک کی ترقی کیلئے استعما ل میں لایا جائے گا۔ ڈاکٹر ظفر رندھاوا نے واضح کیا کہ مٹھی بھر عناصر انتشار پھیلا کر 27ہزار طلبہ کی تعلیمی پیش رفت میں حائل نہیں ہوسکتے‘ طلبہ کو پرامن ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔ ڈاکٹر ظفر رندھاوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی ہاسٹلز میں مقیم طلبہ کے منتخب نمائندے تعلیمی و تحقیقی اُمور کے مشاورتی فورمز کا نہ صرف حصہ ہونگے بلکہ فیصلہ سازی میں بھی بھرپور کردار ادا کرسکیں گے۔