ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ چین کے ساتھ زرعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کے نتیجے میں جہاں نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے بھر پور مواقع میسر آ رہے ہیں وہاں دونوں ملکوں کے سائنسدانوں کے ما بین تحقیقی مہارتوں میں اشتراک کے ذریعے نئے امکانات وقوع پذیر ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوان سکالرز کو پاکستانی ثقافت کے خوبصورت پہلوﺅں کو اجاگر کرنے کے لئے بھر پور کردار ادا کرنا چاہئیے۔ ڈائریکٹر بیرونی رابطہ جات ڈاکٹر رشید احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فا فو یونیورسٹی میں مجموعی طور پر تین سالوں میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے 25 سکالرز اعلیٰ تعلیم کے لئے بھجوائے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ اسی طرح جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سکالر شپ میں نہ صرف سکالرز کو رہائش ، ٹیوشن فیس و دیگر تمدنی سہولیات دی جائیں گی بلکہ اس میں ہوائی سفر کی سہولت بھی دستیاب ہو گی ۔ تقریب میں کلیہ زراعت کے چیئر مین شعبہ ایگرانومی ڈاکٹر آصف تنویر، کنٹرولرامتحانات ڈاکٹر عبدالواحد ، فوکل پرسن سرفراز رضوان و دیگر نے شرکت کی ۔