ملکی سطح پر 50 فی صد آبادی غذائی کمی کا شکار ہے جنہیں متوازن غذا کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غربت میں کمی کے لئے بھی جنگی بنیادوں پر عملی اقدامات بروئے کارلانا ہوں گے۔ اس خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یونیورسٹی میں قائم کی گئی بیکری کے سیل پوائنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ عوام میں متوازن غذا کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے ماہرین کو قابل عمل حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غذائی ماہرین کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ویلیو ایڈیشن کے ساتھ ساتھ غذائی قلت کے چیلینج سے بھی نمٹا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی نے حالیہ سالوں کے دوران بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائی ٹیٹکس کا اجرا کیا ہے جسے ملک کی 40جامعات میں کاپی کیاجا رہا ہے۔ قبل ازیں ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ جے کے فارم کے اشتراک سے قائم کی گئی بیکری فارم فریش کے پلیٹ فارم سے بین الاقوامی معیار کے مطابق ماہرین کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف مصنوعات بشمول کنفیکشنری،بریڈ اینڈ بسکٹ ، پیٹیز، شوارما اور برگر بریڈ،باقر خانی، فروٹ کیک ،رس و دیگر مناسب دام پر عوام کو غذائیت سے بھر پور خوراک فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے جن سے فائدہ اُٹھانے کے لئے نوجوانوں میں پیشہ وارانہ تعلیم کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر اینگرو کے ڈائریکٹر سرفراز احمد نے 20 لاکھ کا چیکNIFSAT میں ہال کی تعمیر کے لئے بھی پیش کیا۔ اس موقع پرجے کے فارم کی ڈائریکٹر صدف عامر ، ڈین انجینئرنگ ڈاکٹر اللہ بخش، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر آصف علی خاں‘سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالواحد‘ پرنسپل آفیسرپی آر پی ڈاکٹر جلال عارف و دیگر بھی موجود تھے۔