بروز اتوار ڈاگ شو کا اہتمام فٹ بال گراؤنڈ میں کیا گیا جس میں صوبے بھر سے سو سے زائد مختلف نسلوں کے ڈاگ شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرتے رہے۔ شو کو دیکھنے کے لئے نہ صرف یونیورسٹی کے طلبا و طالبات، بلکہ مقامی شائقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ دوسرے مرحلے کی ابتتاحی تقریب کی صدارت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی جبکہ اس موقع پر بارانی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قمرالزمان مہمان خصوصی تھے۔
ڈاکٹر اشعر محفوظ، پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال، ٹریژرر عمر سعید قادری، ڈاکٹر عماد، اسٹیٹ آفیسررانا شہزادو دیگر اساتذہ و انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ پالتو جانوروں کو دنیا بھرمیں خصوصی توجہ اور اپنایت کے ساتھ رکھا جاتا ہے۔ بالخصوص کتے کو ہمیشہ سے انسان کے ساتھ وفا داری کا ایسا تعلق ہے جسے کسی دور میں ماند ہوتے ہوئے نہیں دیکھاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تمام تجارتی و زیاراتی قافلوں میں پالتو کتوں کو حفاظت کے لئے ساتھ رکھا جاتا تھا، جو کہ حفاظتی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ قافلے کے لئے شکار میں بھی مدد فراہم کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات پالتو کتوں، بلیوں اور پرندوں کے لئے ان کی مرغوب خوراک اور ویکسینیشن کی تیاری میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں مگر بد قسمتی سے جنوبی ایشیاء میں ان امور پر زیادہ توجہ نہیں دی جا سکی۔ انہوں نے ویٹرنری سائنسیز کے ماہرین کو پالتو جانوروں کی بریڈنگ اور افزائش کے حوالے سے جدید تحقیقی رحجانات لانے کے ساتھ ساتھ غذائی ماہرین کو ایسی خوراک تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہو سکیں بلکہ انہیں برآمد بھی کیا جا سکے۔ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا کہ پانچ سال کے خلا کے بعد زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کمیونٹی کو پر کشش اور متحرک ماحول فراہم کرنے کے لئے جس طرح کثیرالمقاصد جشن بہاراں کا اہتمام کیا ہے اس سے یونیورسٹی کے ساتھ عام پبلک اور کسان کا رشتہ مزید مضبوط ہو گا۔ اس موقع ڈاکٹر اشعر محفوظ نے پالتو کتوں کے اس شو کے بارے میں تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ بروز سوموار گرے ہاؤنڈ ریس کا انعقادنیزہ بازی گراؤنڈ میں دوپہر ایک بجے کیا جائیگا۔