سائنسدانوں کی جانب سے کسانوں کیلئے دریافت کی جانے والی قابل عمل ٹیکنالوجیز کے خوبصورت سٹال زرعی نمائش گاہ میں سجا دیئے گئے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے پھولوں کی سہ روزہ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے
جشن بہاراں کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پھول فطرت کا انمول شاہکار اور انسانی احساسات کو جلا بخشنے کیلئے عمل انگیز کا کردار ادا کرتے ہیں۔
اللہ تعالی نے ہر انسان کو گلشن فطر ت کا پھول بنایا ہے لہذا ہمیں اپنی صلاحیتوں و کردار و عمل کے رنگوں سے معاشرتی حسن میں اضافہ کرنے اور باہمی اخوت کی خوشبو پھیلاتے ہوئے یک جہتی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آمد بہار مایوسیوں،پریشانیوں اور ناکامیوں کی پت جھڑ کے بعد امید کی نئی کونپلوں کے کھلنے کا نام ہے۔
یہ موسم ہمیں پیغام دیتا ہے کہ ہمارے لیے خوشیوں کے کئی امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم اپنے اور وطن عزیز کیلئے بھر پور فوائد کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اس 15روزہ جشن بہاراں کے دوران فیصل آباد اور گردو نواح کے لوگوں کو بھرپور تفریح کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے ساتھ اپنا رشتہ استوار کرنے اور یہاں ہونے والے تحقیقی کام کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔
نہوں نے کہا کہ اس میلے میں طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی میں ہونے والی اجتماعی کمیونٹی سروسز میں بھر پور حصہ ڈالنے کا جو موقع ملا ہے اس سے انہیں بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔افتتاحی تقریب میں ڈین کلیہ جات،اساتذہ،سٹاف ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔جشن بہاراں تقریبات کے کنوینر پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر قمر بلال نے اس موقع پر مہمان خصوصی اور دیگر شرکاکو 15روزہ تقریبات کا اجمالی منظر نامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس عرصہ کے دوران نیزا بازی،گھوڑ دوڑ،کبڈی،سپورٹس گالا،فوڈ اینڈ نیوٹریشن میلہ،بھیڑبکریوں کا مقابلہ حسن و پیداوار دودھ،گرے ہاؤنڈز ریس،ڈاگ شو،ثقافتی تقریبات کے ساتھ ساتھ لائلپورلٹریچر فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا ہے
جس میں شائقین کو ان کی دلچسپی کے مطابق بھر پور تفریح میسر آ سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمپس میں مہمانوں کیلئے پارکنگ کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ کیمپس کمیونٹی اجتماعی طور پر آنے والے مہمانوں کا خیر مقدم کرنے کیلئے پر جوش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ میلہ لوگوں کو اپنی اہمیت اور دلچسپیوں کے حوالے سے ہمیشہ یاد رہے گا۔اس موقع پر تمام ڈینز اور ڈائریکٹر بھی موجود تھے