اس حوالے سے واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی میں انٹرنیشنل پروگرام ایڈمشن‘ ریکورٹمنٹ و مارکیٹنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دانیال سعود نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ذمہ داران کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور انڈرگریجوایٹ سطح پر ڈگری پروگرامز کی مختلف جہتوں پر غور و خوض کیا۔ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ روم میں ڈین کلیہ زراعت پروفیسرڈاکٹر امان اللہ ملک‘ ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر سرفراز حسن‘ پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ پروفیسرڈاکٹر جلال عارف‘ ڈائریکٹر جنرل نیف سیٹ ڈاکٹر عمران پاشا‘ ڈاکٹر ظہیر احمد‘ ڈاکٹر رضوانہ مقبول‘ ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر فیصل سعید اعوان‘ سرفراز رضوان ودیگر کیساتھ اجلاس میں بتایا گیا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے ایگریکلچرل‘ سوشل سائنسز‘ ویٹرنری اور فوڈ سائنس کے ساتھ ساتھ ایگری انجینئرنگ کے مختلف پروگرامز میں مشترکہ ڈگری پروگرام متعارف کروائے جائیں گے جس کیلئے ابتدائی ہوم ورک پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ڈاکٹر دانیال سعودنے بتایا کہ واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی میں انٹرنیشنل پروگرامز کے پاکستانی نژاد وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر محمدآصف چوہدری کی قیادت میں انڈرگریجوایٹ سطح پر سینکڑوں پاکستانی طلبا ء اپنی گریجوایشن مکمل کر چکے ہیں اور مزید زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں کے دوران دنیا بھر کی طرح ان کی یونیورسٹی نے بھی آن لائن کلاسز کو مزید توانائیوں سے آگے بڑھایا یہی وجہ ہے کہ آج ڈویژن آف کانٹی نیوئنگ ایجوکیشن کے ذریعے سینکڑوں طلباء اپنی ڈگریاں آن لائن مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لینڈگرانٹ یونیورسٹیوں کیلئے پریزیڈنٹ الائنس فار ہائر ایجوکیشن پروگرام کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے مزید طلباء واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ ماضی میں واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے سکالرز اور مستقبل قریب میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم کیلئے واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی جانیوالے طلباء کے ساتھ ملاقات میں ڈاکٹر دانیال سعود نے کہا کہ انڈگریجوایٹ سطح پر مضامین کے انتخاب میں طلباء کو ہرممکن آسانی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کیساتھ گریجوایٹ سطح پر کریڈٹ ٹرانسفر کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی مہینوں کے دوران بہترکارکردگی دکھانے میں ناکام رہنے والے طلبہ کی لرننگ سپورٹ سینٹر میں موثر کونسلنگ کے ذریعے ان کی کمزوریوں پر قابو پانے میں مدد کی جاتی ہے تاکہ وہ نئے جذبے کیساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں آگے بڑھ سکیں۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر جلال عارف نے بتایا کہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں (ستارہئ امتیاز) کی ولولہ انگیز قیادت میں یونیورسٹی کی امریکہ‘ برطانیہ‘ جرمنی‘ فرانس‘ آسٹریلیا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی جامعات کے ساتھ اکیڈمک نیٹ ورکنگ کومزید تواناکیا جا رہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1960ء کی دہائی کے ابتدائی سالوں کے دوران واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے 10پروفیسرز نے کئی مہینوں تک یہاں قیام کے دوران نئی دانش گاہ میں تعلیم و تحقیق کو مضبوط بنیاد فراہم کی تھی جسے کیمپس کمیونٹی میں بڑی قدر کیساتھ دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کینیڈا کی ڈلہوزی یونیورسٹی کیساتھ ساتھ آئی بی اے سکھر کے ساتھ 2+ 2ڈگری پروگرامز شروع کر رکھے ہیں اور اسی طرز پر واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے ساتھ نئے پروگرامز متعارف کروانے پر غور کیا جا رہا ہے۔