ان امر کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے تحت لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں نیشنل ایکوبیشن سنٹر قائم کئے جا چکے ہیں اب زراعت کے میدان میں جدت اور تحقیق کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نیشنل ایکوبیشن سنٹر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کو بڑھاتے ہوئے سٹارٹ اپ کمپنیز کا اجراء کریں جس سے تحقیقی بنیادوں پر تیار کردہ مصنوعات کو کسانوں کی دہلیز تک پہنچایا جا سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود کثیر زرمبادلہ خرچ کر کے اشیائے ضروریہ درآمد کی جا رہی ہیں اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لئے زرعی ماہرین کو کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ 40فیصد سے زائد آبادی غذائیت کی کمی کا شکار ہے جس کے لئے صحت مندانہ طرززندگی اور عوام میں بہتر خوراک کا شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے لائیوسٹاک اور پولٹری فارم کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں جامعہ میں لگائے گئے مختلف اقسام کے پودوں کے متعلق ایک رپورٹ شائع کی جائے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ اگرچہ زرعی یونیورسٹی کا شمار دنیا کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے تاہم دورحاضر کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں میں جدت لاتے ہوئے بہتر افرادی قوت کی فراہمی اور کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی فیکلٹیوں کے مابین بہترین ٹیچرایوارڈ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ مقابلے کی فضا قائم کرتے ہوئے کامیابیوں کو سمیٹا جا سکے۔ اجلاس کا ایجنڈا رجسٹرار طارق محمود گل نے پیش کیا جبکہ ڈینز، ڈائریکٹرز اور پرنسپل آفیسرز نے شرکت کی۔