انٹر ی ٹیسٹ اور انتظامی و تدریسی اُمور کو انٹرپرائزریسورس پلاننگ (ای آر پی) پر منتقل کرنے اور مختلف دفاتر کو نئی عمارتوں میں منتقل کرنے کیلئے قائم کی گئی سپیس کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے ڈینز کمیٹی کا خصوصی اجلاس وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں (ستارہئ امتیاز) کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ پہلے انٹری ٹیسٹ کے سلسلہ میں ساڑھے بارہ ہزار اُمیدواروں کو تین گروپوں میں تقسیم کرکے انٹری ٹیسٹ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اقراراحمدخاں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی معاشی حالت میں بہتری کیلئے زرعی سائنس دانوں کو اپنا کردار مزید بہتراندا ز میں ادا کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل کیلئے زراعت کو ایک پرکشش اور ترجیحی پیشہ کے طو رپر پھر سے متعارف کروایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کیلئے زراعت سے بہتر کوئی شعبہ نہیں لہٰذا اس اہم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور کاشتکاری میں آسانیوں کیلئے کئے جانیوالے اقدامات دیہی سطح پر روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بہت جلد ای آر پی سسٹم پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا جس سے انتظامی و تدریسی اُمور میں غیرمعمولی بہتری‘ شفافیت اور ٹائم لائن کیساتھ ذمہ دارافسران کو زیرغور معاملات کو نمٹانے کا پابند بنایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے سابق ریکارڈ کو آرکائیو سینٹر میں منتقل کرنے سے دفاتر میں کام کرنے کیلئے خوشگوار ماحول میسر آئے گا جبکہ ای آر پی کے عملی نفاذ سے ہفتوں میں تکمیل کو پہنچنے والے جملہ اُمور گھنٹوں میں مکمل ہونگے۔