زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اس موقع پر کہا کہ آزادی کی قدرو منزلت محکوم قوموں سے بہتر کوئی نہیں جانتا جوکہ ظلم و بربریت کی شکار اور غلامی کی چکی میں پسی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ملکی ترقی اور وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائد اعظم کے پیغامات کو نئی نسل میں عام کرکے ترقی کے سفر کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہہمقائد کے پیغام ایمان اتحاد اور تنظیم کے ذریعے نا صرف ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کر پائیں گے بلکہ دنیا میں بھی اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برصغیر کی پہلی زرعی دانش گاہ جامعہ زرعیہ فوڈ سکیورٹی اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں تاکہ نچلی سطح پر غربت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ وافر خوراک پیدا کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک کی نسبت پاکستان کی فی ایکڑ پیداوار بہت کم ہے جس کے لیے دہقانوں کو جدید رجحانات سے روشناش کرانا نا گزیر ہے۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ چھوٹے کسانوں کے لیے مراعات بہم پہنچا کر فی ایکڑ پیداوار میں کئی گنا اضافے کے لیے جو بنیاد رکھی ہے اس کے دور رس نتائج مرتب ہونگے۔