جبکہ حالیہ موسم برسات کی شجرکاری کیلئے 20ہزار پودوں لگانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں (ستارہئ امتیاز) کی ہدایت پر زیرتعلیم ہر طالب علم کو سالانہ نہ صرف کم سے کم نصف درجن پودے لگانے بلکہ اس کی نشوونما کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی ہے جسے متعلقہ اساتذہ کے ذریعے یقینی بھی بنایا جائیگا۔ رواں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے اہداف اور حکمت عملی کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بتایا گیاکہ یونیورسٹی کے گارڈننگ ونگ‘ فارسٹری ڈیپارٹمنٹ‘ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز‘ وارڈن آفس اور سپورٹس بورڈ کی وساطت سے مرکزی کیمپس سمیت ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ بورے والا/وہاڑی اور دیپالپور اوکاڑہ سمیت پارس کیمپس جھنگ روڈ‘ اُچکیرہ پروکا فارم‘ یونیورسٹی سکولز سسٹم اور یونیورسٹی فارمز پر رواں سال اب تک 30ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں اور موسم برسات میں نہ صرف مزید 20ہزار پودے لگائے جائیں گے بلکہ نئے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ہرپودے کی نگہداشت اور نشوونما کیلئے تمام توانائیاں بھی صرف کی جائیں۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ہرچند یونیورسٹی شجرکاری کے حوالے سے گزشتہ کئی دہائیوں سے مصروف عمل ہے تاہم موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جس آنرشپ‘ عزم اور پختہ ارادے کے ساتھ شجرکاری کو آگے بڑھا رہی ہے وہ لائق تحسین ہے کیونکہ اس میں جیوٹیگنگ اور فالواَپ جیسے فیچرزاسے ماضی کے پروگراموں سے ممتاز بناتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ملک کی تمام 10زرعی جامعات کے ہر طالب علم کیلئے گریجوایشن سے قبل کم سے کم 20پودے لگانے اور ان کی نشوونما کے بعد انہیں مکمل درخت بنانے کی ذمہ داری کا ہدف مقرر کیا جارہا ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ اگر ہر طالب علم سالانہ کم سے کم نصف درجن پودے لگا کر ان کی نشوونما اور نگہداشت یقینی بنالے تو گریجوایشن مکمل ہونے تک وہ دو درجن سے زائد پودوں کو درخت کی سطح تک لیجا چکا ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ رواں موسم برسات میں شجرکاری کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور گزشتہ جمعہ کو یونیورسٹی کا دورہ کرنے والے صوبائی وزیرزراعت و پروچانسلرسید حسین جہانیاں گردیزی‘ چیئرمین پاکستان کونسل فار سائنٹفک و انڈسٹریل ریسرچ ڈاکٹر حسین عابدی‘‘ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی‘ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وی سی ڈاکٹر قمرالزمان خاں‘ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی سمیت دو درجن سے زائد مہمانوں نے شجرکاری مہم میں مشترکہ طو رپر حصہ لیتے ہوئے اپنے حصے کا درخت لگایا۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسرڈاکٹر قمر بلال نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی کے پاس شہتوت‘ شیشم‘ پاپولر‘ کیکر‘ جامن‘ نیم اور بیکائن کے مزید 40ہزار پودے سٹاک میں موجود ہیں جن میں سے 30ہزار پودے رواں سال لگا دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ سال 4ہزار سے زائد پودے شہریوں کے ساتھ ساتھ پینم کینسر ہسپتال‘ پاکستان نیوی کے ریجنل ہیڈ کوارٹر‘ فیسکو‘ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور شہر کے قبرستانوں میں لگانے کیلئے متعلقہ اداروں کے حوالے کئے جبکہ امسال بھی اب تک 3ہزار پودے شہریوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید10ہزار پودے شجرکاری کیلئے فیصل آباد کے شہریوں اور خواہشمند اداروں کے حوالے کئے جائیں گے۔اجلاس میں اسٹیٹ مینجمنٹ‘ ڈائریکٹوریٹ آف فارمز‘ شعبہ فارسٹری‘ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسزاور پارٹنر شعبہ جات کے کردار کو خصوصی طو رپر سراہا گیا۔