انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کا منفرد تشخص اجاگر کرنے کے لئے یونیورسٹی نے لینڈسکیپنگ اور بیوٹی فیکیشن کا ایک جامع پلان تیار کیا ہے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسے ملک کی سبزتر اور روشن تر جامعہ کے طور پر سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف ہال وارڈن آفس نے اس ضمن میں جو اقدامات کئے ہیں اس کی وجہ سے ہاسٹلز میں مقیم طلباوطالبات خود کو پرفضا ماحول میں تعلیم کے لئے زیادہ آمادہ محسوس کرتے ہیں۔ ان سے پہلے چیف ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد یٰسین نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر اس خصوصی مہم کے سلسلے میں ماحولیات دوست پودا جات لگائے جا رہے ہیں تاکہ یونیورسٹی زیادہ سرسبز اور شاداب نظر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام ہاسٹلز کے سامنے فلڈلائٹس نصب کر دی گئی ہیں جس سے سڑکوں اور دیگر گزرگاہوں سے طلباوطالبات کو آنے جانے میں آسانی ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے وسائل سے 64سٹریٹ لائٹس معمولی اخراجات سے مرمت کروا کر نصب کر دی ہیں جس سے کم از کم پچاس لاکھ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وومن کمپلیکس میں طالبات کی کرکٹ گراؤنڈ اور دیگر کھیلوں کے میدانوں میں فلڈلائٹس لگائی جا رہی ہیں تاکہ طالبات پوری آزادی کے ساتھ کھیلوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وومن کمپلیکس میں ایک طویل ترین واکنگ ٹریک بھی بنا دیا گیا ہے جہاں طالبات جاگنگ اور واک کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلز کی لینڈسکیپنگ کو مزید دیدہ زیب بنانے کے لئے خوبصورت پھول اور آرائشی پودا جات لگائے گئے ہیں جس سے ایک تازگی کا احساس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے لئے مختص ان گراؤنڈز میں 28بنچز بھی لگائے گئے ہیں جہاں طالبات بیٹھ کر کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکیں گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے ایسوسی ایٹ ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ورک، ڈاکٹر انوارالحق، میڈم فاطمہ عثمان، ڈاکٹر ارشاد بی بی، ڈاکٹر ثمینہ، ڈاکٹر بینش اسرار و دیگر کے ہمراہ عائشہ ہال میں پودے لگائے اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔