ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے یونیورسٹی میں آفس آف سینئر ٹیوٹر و شعبہ تعلقات عامہ کے زیراہتمام ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں یکجہتی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم جب حد سے بڑھ جاتا ہے تو پھر اس کا ردعمل خوفناک انداز میں سامنے آتا ہے لہٰذا نہتے کشمیریوں کو اگر انصاف نہ ملا تو حالات ابتر صورت حال اختیار کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کشمیری بہن بھائیوں کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے ان کے حق خودارادیت کی منزل کے حصول تک پوری قوم اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور کی آگاہی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے لئے جامعہ زرعیہ بھرپور انداز سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ کشمیر کو ایک سازش کے تحت بھونڈے انداز سے بھارت کی جھولی میں ڈال دیا گیا جس پر عالمی برادری نے انصاف کرنے کی بجائے آنکھیں بند کئے رکھیں یہی وجہ ہے کہ اب 9لاکھ سے زائد بھارتی فوج 90لاکھ کشمیریوں کو نہ صرف یرغمال بنائے ہوئے ہے بلکہ انہیں بنیادی حقوق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید نے کہا کہ یونیورسٹی سکول کے طلباء سے لے کر یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیماتی شعبہ جات سے وابستہ تمام طلباوطالبات کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہفتہ یکجہتی کی صورت میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دے رہی ہے جس میں کوئز مقابلہ جات، پوسٹر کمپیٹیشن، ملی نغموں، شعروشاعری اور تقریری مقابلہ جات شامل ہیں۔ تقریب سے ایسوسی ایٹ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر انوارالحق، ڈاکٹر عاصم عقیل، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر کاشف اقبال، ڈاکٹر نعیمہ نواز، میڈم جویریہ بیگ، میڈم عاصمہ، میڈم عذرا، مقبول رحمانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پوسٹر مقابلہ جات میں لیبارٹری گرلز ہائی سکول کی عروج فاطمہ نے پہلی جبکہ اریبہ کشف نے دوسری اور فائزہ عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریری مقابلہ جات میں محمد عبیدالرحمن لیبارٹری بوائز ہائی سکول نے اردو میں اول، مس فاطمہ سعید لیبارٹری گرلز ہائی سکول دوم، مس عائشہ لیبارٹری گرلز ہائی سکول اور ماہ نور اظہر لیبارٹری کالج پارس نے اردو میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔مس رومیسہ ڈیبیٹنگ کلب یو اے ایف سے انگلش میں پہلی پوزیشن، مس مہوش نے انگلش میں دوسری اور مس زربہ لبیارٹری گرلز ہائی سکول نے انگریزی میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔