اس سلسلے میں نیوسینٹ ہال میں ملی نغموں اور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تقاریر کی گئیں۔ پرنسپل آفیسر سٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر سید آفتاب واجد نے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ظلمت کی اندھیری رات ختم ہو کر صبح آزادی طلوع ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ان مظالم پر نہ صرف عالمی برادری کو تشویش ہے بلکہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید نے کہا کہ یونیورسٹی نے یکجہتی کشمیر کے نام سے ہفتہ منانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کوئز مقابلہ جات، تصویری نمائش، تقریری مقابلہ جات، آگاہی واک اور ملی نغموں کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات 4۔ فروری کو یونیورسٹی کی کیمپس کمیونٹی کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور واک کا اہتمام 10بجے کرے گی جبکہ اسی روز نیوسینٹ ہال میں تقریری مقابلہ جات اور ملی نغمے پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5۔فروری کو بھی یہ تقریبات پورے جوش و خروش سے منائی جائیں گی۔ ان تقریبات کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف ہیں جنہوں نے گزشتہ روز ان تقریبات کے حوالے سے اجلاس منعقد کرتے ہوئے پروگرام کو حتمی شکل دی اور انہوں نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کشمیر جنت نظیر جو کہ پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اسے ہر صورت میں پاکستان کا حصہ بنا کر دم لیں گے۔ اس مقصد کے لئے پوری قوم مسلح افواج اور حکومت کے شانہ بشانہ اس جدوجہد میں شامل ہے۔ نیوسینٹ ہال میں منعقدہ تقریب کی نقابت آرٹ کلب کی انچارج جویریہ بیگ نے کی جبکہ لیبارٹری ہائی سکول بوائز عبیدالرحمن، لیبارٹری گرلز ہائر سیکنڈری سکول فاطمہ سعیدنے کشمیریوں کی حمایت میں پرجوش خطاب کیا۔ تقریب میں ایسوسی ایٹ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر انوارالحق، ڈاکٹر عاصم عقیل، ڈاکٹر اشعر محفوظ، محمد کاشف، میڈم عاصمہ و دیگر نے بھی شرکت کی۔
فیصل آباد 03۔فروری 2021( ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈائریکٹر اورک(ORIC) اور پروفیسر انسٹی ٹیوٹ آف سوائل اینڈ انوائرمنٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر سوائل سائنس سوسائٹی آف پاکستان کے صدر منتخب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سوائل سائنس سوسائٹی آف پاکستان سائنسی حلقوں میں بہت باوقار سوسائٹی ہے جس نے کئی دہائیوں سے اپنے پیشہ وارانہ معیار کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، سوائل سائنس سوسائٹی آف پاکستان کی ایگزیکٹو کونسل برائے سال 22-2021 کے الیکشن ڈاکٹر محمد بشیر بٹ کی زیر نگرانی28 جنوری 2021 کو منعقدہوئے جس کے نتائج کا اعلان سوسائٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے یکم فروری2021کو کیا گیاجس میں پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر بھاری اکثریت سے سو سائٹی کے صدر منتخب ہو گئے۔ اس کے علاوہ،ڈاکٹر غلام مرتضیٰ جامرو کا جنرل سیکریٹری کی نشست پر بلا مقابلہ انتخاب ہوا۔ جبکہ خازن کی نشست پر ڈاکٹر محمد اقبال 223 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔نائب صدر کی نشست کیلئے پنجاب سے ڈاکٹر عابد نیاز 135ووٹ لیکر منتخب ہوئے جبکہ سندھ سے ڈاکٹر جاوید احمد شاہ اور خیبر پختونخوا سے ڈاکٹر ماریہ مسرت بلا مقابلہ نائب صدر منتخب ہوئیں۔ کونسلرز کی نشست کیلئے پنجاب سے مس ارفع سلیم، سندھ سے ڈاکٹر مسیح بھٹی اور آزاد جموں و کشمیر سے ڈاکٹر عقیلہ شاہین منتخب ہوئیں۔