جبکہ فائنل امتحانات کا فیصلہ حکومتی شیڈول کے مطابق یونیورسٹیاں کھلنے کے بعد فروری میں کیا جائے گا۔ اس امر کا فیصلہ یونیورسٹی کی ڈینز کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کی۔ انہوں نے ڈینز کو امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی اپنی کلیہ جات میں تمام انتظامات فوری طور پر کرنے اور کورس ورک کی تکمیل کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کورنا کی اس تشویشناک صورت حال میں نوجوان نسل کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ انہیں زیورتعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ حکومتی سطح پر طلباوطالبات کے لئے یونیورسٹیاں کھلنے کے فیصلے کی صورت میں ہاسٹلز میں مقیم طلباوطالبات کو جملہ سہولیات مہیا کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ طلباء خود بھی اپنی ذمہ داریاں محسوس کرتے ہوئے ایس او پیز کا خیال رکھیں گے۔ ڈینز کمیٹی نے آئندہ سمسٹر کے آغاز سے قبل سپرنگ سمسٹر میں پی ایچ ڈی کے مختلف ڈگری پروگراموں میں داخلوں کی منظوری بھی دی۔ اس سلسلے میں ماہ رواں میں انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے اخباروں میں اشتہارات جاری کر دیئے جائیں گے۔ ڈینز کمیٹی میں ای آر پی/سی ایم ایس عمل درآمد پروگرام کی پیش رفت کے حوالے سے کنوینئر یونیورسٹی ٹریژرر عمرسعید قادری نے بتایا کہ اس حوالے سے مالی معاملات، ملازمتوں کے جملہ معاملات اور پروکیوئرمنٹ کے ساتھ ساتھ موٹرپول ٹرانسپورٹ جیسے اہم امور پر ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ سٹاف کی تربیتی مراحل جاری ہیں اس ضمن میں ڈینز و پرنسپل افسران اپنے اپنے کلیہ جات و شعبہ جات سے تربیت کے لئے مزید متعلقہ افراد کے نام بھجوائیں تاکہ انہیں تربیت دے کر جلد سے جلد عملدرآمد کا آغاز کر لیا جائے۔ آئی ٹی ماہر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کاشف اکرم نے اب تک مکمل کئے جانے والے کاموں اور باقی ماندہ معاملات کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ بھی دی۔ ڈینز کمیٹی میں زراعت اور رورل اکانومی کے حوالے سے پنجاب کابینہ کمیٹی کے منٹس بھی پیش کئے گئے اور ان کی روشنی میں تحقیقی مقاصد کے لئے جامعات و دیگر تحقیقی اداروں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ جات کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ رجسٹرار عمرسعید قادری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔