ان خیالات کا اظہار پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور سٹاف کی جانب سے شہبازٹاؤن چرچ میں منعقدہ کرسمس اور نئے سال کے حوالے سے مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی پر مبنی خصوصی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں جہاں مساجد کا قیام عمل میں لایا گیا ہے وہاں مسیحی برادری کے لئے چرچ کے لئے یونیورسٹی نے جگہ فراہم کرتے ہوئے ان کی عبادت کے حوالے سے جو کوششیں کی ہیں اس کی وجہ سے مسیحی ملازمین اور ان کے خاندان پرسکون ماحول میں اپنے مذہبی عقائد کے مطابق مکمل آزادی کے ساتھ عبادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے تین سو ملازمین کو گزشتہ دنوں ترقی دی گئی ہے جبکہ دوران ملازمت وفات پانے والے یونیورسٹی ملازمین کے خاندانوں کو سہولیات کی دستاویزات فراہم کرتے وقت اس بات کا پورا خیال رکھا گیا ہے کہ بلاامتیاز مسیحی برادری کے لوگوں کو میرٹ کی بنیاد پر ان کا حق دیا جائے۔ بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے اس موقع پر پرووائس چانسلر ڈاکٹر آصف تنویر، رجسٹرار عمرسعید قادری، پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمربلال، پرنسپل آفیسر پبلک ریلیشنز پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف اور دیگر معزز مہمانوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کر کے ان سب احباب نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری ملک کی تعمیروترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور ہم بطور پاکستانی ملک کی خدمت کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے کہا کہ مسیح علیہ السلام نے انسانیت کی بھلائی، امن اور محبت کو فروغ دیا آج دنیا میں ان کی تعلیمات کو پھیلاتے ہوئے دنیا کو امن کا گہوارہ بنانا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں چرچ کے قیام سے ملازمین اور ان کے خاندان اپنی مذہبی رسومات اور عبادات پوری آزادی کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں۔ رجسٹرار عمرسعید قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ مسیحی ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ہمیشہ توجہ دیتی ہے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے ہر سال تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے 60پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا اور فادر پرویز گلزار نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کی ترقی کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی۔ تقریب میں ممبر چرچ کمیٹی ریاض مسیح، سراج مسیح کے علاوہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔