ان باتوں کا اظہار مقررین نے ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے نیب کی ہدایات پر 7سے 12دسمبر تک ہفتہ انٹی کرپشن کے سلسلہ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے آفس آف سینئر ٹیوٹر کے زیراہتمام خصوصی واک کے شرکاء سے کیا۔ واک کی قیادت یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کی جبکہ پرنسپل آفیسر امور طلباء پروفیسر ڈاکٹر آفتاب واجد، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید، پرنسپل آفیسر پی آر پی پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف و دیگر اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں موجودہ حکومت کرپشن کے خاتمے کے لئے سب سے زیادہ کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ملک کو کرپشن سے پاک کرتے ہوئے باعزت مقام دلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ اگر کرپشن کو عیب نہ سمجھے تو اس معاشرے میں ناانصافی عام ہو جاتی ہے اس لئے نہ صرف لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور بڑے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے کے لئے نیب اور دیگر اداروں کو بھرپور متحرک کر دیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ صرف مالی بدعنوانی ہی کرپشن نہیں ہے بلکہ اپنے کام سے ناانصافی، ذمہ داریوں کو ایمانداری سے ادا نہ کرنا بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے اس لئے ہمیں عوام کے پیسے سے ملنے والی ذمہ داریوں کے حوالے سے اپنے عمل اور کردار سے ثابت کرنا ہو گا کہ ہم ملک اور قوم کی خدمت میں کوئی کمی نہیں اٹھا رکھیں گے۔ ڈاکٹر سید آفتاب واجد نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور خاص طور پر قوم کی کردار سازی میں ان کا کلیدی کردار ہے اس لئے آفس آف سینئر ٹیوٹر کے ذریعے مختلف کلبز قائم کئے گئے ہیں جن کے تحت طلباوطالبات کی کردار سازی اور ان کے اندر چھپی ہوئی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید نے کہا کہ کرپشن کسی بھی معاشرے کی ترقی کی راہ میں دیمک کی طرح حائل ہو جاتی ہے جس سے پاک ہونے کے لئے ہمیں اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ انٹی کرپشن ویک کے دوران یونیورسٹی کے آفس آف سینئر ٹیوٹر کے زیراہتمام مضمون نویسی، تقاریر، پوسٹرسازی اور پینٹنگز بنانے کے مقابلہ جات منعقد کئے جا رہے ہیں جس میں طلباء و طالبات جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔ واک کے شرکاء نے اقبال آڈیٹوریم کے سامنے سے گھنٹہ گھر چوک تک واک کی اور بدعنوانی کے خلاف کتبے اور بینرز بھی لہرائے۔