یہ بات یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ڈینز کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا فارمیسی پروگرام ملک بھر میں خصوصی توجہ حاصل کر رہا ہے جس کے لئے پارس کے مقام پر جدید ترین لیبارٹریز اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پارس کیمپس پر کچھ ڈگری پروگرامز منتقل کئے جائیں گے اور وہاں سے شٹل سروس کے ذریعے لوگوں کے آنے جانے کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے رجحانات کے مطابق یونیورسٹی کے انتظامی، تدریسی و امتحانی نظام کے علاوہ دیگر تمام شعبہ جات کو ڈیجیٹائزڈ کیا جا رہا ہے جس کے لئے آئی ٹی کی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر پیش رفت یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف اور اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو جلد رپورٹ پیش کرے گی تاکہ خالی آسامیوں کو پر کیا جا سکے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں سے یونیورسٹی کے ملازمین غیریقینیت کا شکار ہیں ان کی ملازمت کے تحفظ اور حوصلہ افزائی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں تاکہ اخوت اور یکجہتی کی فضا ہموار کرتے ہوئے یونیورسٹی کو بلندیوں کی طرف لے جایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ایک بہت بڑا ویئرہاؤس تعمیر کرے گی جس میں آرکائیول نظام کے تحت یونیورسٹی کا مکمل ریکارڈ محفوظ کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں طلباء کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کھانے پینے کے مراکز اور سروسز کے لئے دکانوں کی بولیوں کے نظام میں تبدیلی لائی جائے گی تاکہ بڑے بڑے سرمایہ داروں اور مہنگی بولی کے ذریعے دکانیں حاصل کرنے والوں کی بجائے اچھی شہرت کے حامل اور سہولیات بہم پہنچانے میں تجربے کے حامل لوگوں کو آگے لایا جا سکے۔ ڈینز کمیٹی میں یونیورسٹی کے اندر موجود پرائیویٹ آبادی میں جرائم پیشہ لوگوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور منشیات کے ساتھ ساتھ دیگر منفی رحجانات کی بیخ کنی کے لئے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو سخت نگرانی کی ہدایات جاری کی گئیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کو مختلف عمارات میں منتقل کرنے کے لئے ایک کمیٹی بھی قائم کی تاکہ سروسز کے حوالے سے طلباوطالبات کے لئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔