یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے سنڈیکیٹ روم میں ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ رجسٹرار عمر سعید قادری کے ہمراہ سنڈیکیٹ روم میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ پنجاب کی متعدد جامعات‘ کالجوں اور سکولوں کو سولر پر منتقل کیا جا رہا ہے جس سے توانائی کی ضروریات کم قیمت میں پوری ہونے کے ساتھ ساتھ اضافی بجلی متعلقہ ادارے کو فروخت بھی کی جا سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طو رپر یونیورسٹی میں کم توانائی سے چلنے والے سینکڑوں نئے پنکھے لگائے گئے ہیں جبکہ بجلی کی بچت کیلئے بھی متعدد تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہال وارڈن آفس‘ پاور ہاؤس سمیت تمام دفاتر میں ایسی حکمت عملی مرتب کی جائے گی جس سے جملہ اُمور کو فیسکو کے پیک آورزکے بجائے دوسرے اوقات میں مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے پوسٹ کرونا صورتحال میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے وضع کردہ ضابطہ کار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئے سمسٹر میں سینئر اور گریجوایٹنگ طلبہ کی آن کیمپس کلاسز کے ساتھ ساتھ جونیئر ونئے داخل ہونیوالے طلبہ کیلئے آن لائن کلاسز کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹی کے جملہ اُمور میں حکومتی ایس او پیز پر کماحقہ عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ناظم امتحانات اور ناظم اُمور طلبہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کی فیس‘ نتائج سمیت GS-10اور دوسری ضروری دستاویزات جمع کروانے کے عمل کو شفاف‘ کمپیوٹرائزڈ اور مربوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ ناظم اُمورطلبہ کے ذریعے آئی ٹی ٹیم طلبہ کے GS-10فارمز آن لائن جمع کروانے کا راستہ ہموار کرے تاکہ یونیورسٹی واجبات میں نادہندہ طلبہ اور اس سمسٹر میں پڑھائے جانیوالے کورسز کی بروقت نشاندہی ہوسکے۔ انہوں نے ڈائریکٹر اورک کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی طلبہ کیلئے ملک سے باہر نامور جامعات سے معاون سپروائزر لینے کے حوالے سے بھی پالیسی کو مزید بہتر بناتے ہوئے اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ یونیورسٹی طلبہ کے تحقیقاتی معیار اور نتائج کو بین الاقوامی پذیرائی حاصل ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ماہرین کے ساتھ مل کر تحقیقاتی کنسورشیم ترتیب دیتے ہوئے بین الاقوامی فنڈنگ ایجنسیوں میں مشترکہ تحقیقاتی منصوبے جمع کروائے جائیں تاکہ ایک دوسرے کے تجربات کو ایک بہترین پراجیکٹ کی صورت میں سامنے لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی رینکنگ میں بہتری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ جلد ہی یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں نمایاں بہتری وقوع پذیر ہوگی۔ اجلاس میں ڈین کلیہ زراعت پروفیسرڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ ڈین سوشل سائنسز پروفیسرڈاکٹر سرفراز حسن‘ ڈین انجینئرنگ پروفیسرڈاکٹر اللہ بخش‘ ڈین ویٹرنری سائنس پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈین اُمور حیوانات پروفیسرڈاکٹر اسلم مرزا‘ ڈین فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈین سائنسز پروفیسرڈاکٹر محمد اصغر باجوہ‘ ناظم اُمور طلبہ پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی‘ ڈائریکٹر اورک پروفیسرڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر‘چیف ہال وارڈن ڈاکٹر محمد یاسین‘ پرنسپل آفیسر کمیونٹی کالج پروفیسرڈاکٹر حق نواز بھٹی‘ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر اعجاز وڑائچ‘ پرنسپل آفیسرانجینئرنگ وکنسٹرکشن ڈاکٹر جاوید اختر‘پرنسپل ٹوبہ سب کیمپس ڈاکٹرنثار‘ پرنسپل بورے والا سب کیمپس ڈاکٹر ساجد محمود ندیم اور پرنسپل دیپالپور سب کیمپس ڈاکٹر طارق عزیز‘ ایگزیکٹو انجینئر محمد اکرام اور ایس ڈی او سید سعادت الاسلام بھی موجود تھے۔