وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) کی زیرصدارت سنڈیکیٹ کے 320ویں اجلاس میں اکیڈیمک کونسل کے گزشتہ اجلاس میں کئے جانیوالے فیصلوں کی منظوری بھی دی گئی جن کے مطابق سب کیمپس بوریوالاکیلئے انڈرگریجوایٹ سطح کے نئے پروگرامز‘ سب کیمپس دیپالپور اوکاڑہ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس اور بی ایس میتھ کے چار سالہ پروگرام کے ساتھ ساتھ ٹوبہ سب کیمپس میں بی ایس سی اینیمل سائنسز کے ڈگری پروگرام شروع کئے جا سکیں گے۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات میں نئے چیئرمینوں کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف نے شرکاء کو بتایا کہ زرعی یونیورسٹی ملک کی ان چند جامعات میں شامل ہے جس نے کرونا وائرس کے نتیجہ میں یونیورسٹی بند کئے جانے کے فوری بعد آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا تھا اور حال ہی میں 95فیصد سے زائد طلبہ کی طرف سے آن لائن مڈٹرم امتحانات میں شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یونیورسٹی کی طرف سے آن لائن تعلیم اور امتحانات کا فیصلہ بالکل درست اور بروقت تھا جس کی وجہ سے طلبہ کا قیمتی وقت بچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کی رینکنگ کو مزید بہتر کرنے کیلئے شعبہ میتھ و سٹیٹ میں اپلائیڈمیتھی مٹیشنزجبکہ فزکس میں تھیوریٹکل فزکس کے ماہرین کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کے ریسرچ پیپرز اور ریویوآرٹیکلز کی بنیاد پر سائی ٹیشنز کے گراف کو بڑھانے میں مدد مل سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے 30ہزار میں سے 7ہزار سے زائد طلبہ کو فنانشل اسسٹنٹس فراہم کی جا رہی ہے جو کسی بھی یونیورسٹی میں مالی مدد حاصل کرنیوالے طلبہ کی ایک بہت بڑی تعداد ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال میں اس کا دائرہ مزید بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مالی وسائل کم ہونے کی وجہ سے آج بیشتر یونیورسٹیاں دیوالیہ ہو رہی ہیں جس کے نتیجہ میں انہیں تنخواہوں و پنشن کی ادائیگی کیلئے مشکلات کا سامنا ہے تاہم زرعی یونیورسٹی کی بہتر فنانشل مینجمنٹ سے پنشن انڈومنٹ فنڈ میں ہر سال مناسب اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ حالیہ اور مستقبل کے پنشنرزکو ادائیگیاں ممکن بنائی جا سکیں۔ رجسٹرار عمر سعید قادری نے سنڈیکیٹ اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھایا۔ اجلاس میں مسٹر جسٹس علی باقر نجفی‘ پروفیسرڈاکٹر ناصر امین‘ چوہدری محمد اشفاق‘پروفیسرڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ‘ پروفیسرڈاکٹر محمود احمد رندھاوا‘پروفیسرڈاکٹر فرزانہ رضوی‘ ڈاکٹر عبدالناصر اعوان‘ احسن رضا ستار‘ ڈاکٹر مصباح اعجاز‘ ڈاکٹر عطیہ اعوان‘ لوکل فنڈ آڈٹ سے عبدالرؤف‘ محکمہ زراعت سے ایڈیشنل سیکرٹری عبید اللہ اورمحکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سے ڈاکٹر اقبال شاہدنے شرکت کی۔واضح رہے کہ Covid-19کے پیش نظر یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے پہلے آن لائن اجلاس میں مسٹر جسٹس باقر نجفی‘ ڈاکٹر عطیہ اعوان‘ چوہدری محمد اشفاق اور ڈاکٹر اقبال شاہد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔