کرونا وائرس کے نتیجہ میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے تناظر میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز)‘ یونیورسٹی کی تمام کلیہ جات کے اساتذہ اور انتظامی افسران و سٹاف کی جانب سے جمع کی گئی رقم سے یونیورسٹی کے چھوٹے ملازمین میں عید گفٹس تقسیم کرنے کی تقریب وائس چانسلرز آفس میں ہوئی جہاں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ و کنونیئر فنڈ ریزنگ کمیٹی ڈاکٹر قمر بلال‘ ڈین کلیہ سائنسز پروفیسرڈاکٹر اصغر باجوہ‘ ٹریژرورجسٹرار عمر سعید قادری‘ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس ڈاکٹر جاوید اختر اور سیکرٹری ٹو وائس چانسلرمحمد جمیل کے ہمراہ ملازمین میں عید تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور بڑھتی ہوئی درجہ بندی میں اساتذہ و انتظامی سٹاف کے ساتھ ساتھ چھوٹے ملازمین کا کردار بھی بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور خصوصی طور پر کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران تمام حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے سرکاری فرائض ادا کرنے والے ملازمین خصوصی طو رپر شاباش کے مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں چھوٹے ملازمین کی مدد کیلئے تمام تدریسی سٹاف اور انتظامی افسران نے قومی جذبے اور کم وسائل رکھنے والوں کی مدد کیلئے اپنی سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے آگے بڑھ کر عطیات جمع کروائے جس سے پہلے مرحلے میں ایسٹر کے موقع پر مسیحی ملازمین میں تحائف تقسیم کئے گئے جس کے بعد رمضان المبارک کی آمد سے پہلے مسلمان ملازمین میں رمضان گفٹس اور ملبوسات تقسیم کئے گئے جبکہ عیدالفطر سے پہلے ایک ہزار سے زائد ملازمین میں عید گفٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین میں رمضان گفٹس یا عید تحائف کی تقسیم میں یونیورسٹی اکاؤنٹ سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا یہ خالصتاً فنڈ ریزنگ کمیٹی کی مخلصانہ کوشش اور تدریسی و انتظامی سٹاف کا فراغ دلانہ دست تعاون تھا جس کی بدولت ہمیں یہ وسائل میسر آئے۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ و کنونیئر فنڈ ریزنگ کمیٹی ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف کی ہدایت پر قائم کی گئی فنڈ ریزنگ کمیٹی کے ذریعے یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی سٹاف کی معاونت سے خاطر خواہ رقم اکٹھی کی گئی تھی جس سے ایسٹرپر مسیحی ملازمین اور رمضان المبارک کی آمد پر مسلمان ملازمین میں گفٹس کے ساتھ ساتھ پورے رمضان المبارک میں سیکورٹی پر معمور سٹاف کیلئے سحری و افطاری کا مثالی انتظام کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے موقع پر چھوٹے ملازمین کی خوشیوں میں اضافہ کیلئے کی گئی کوششوں کا حصہ ہوتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے اور وہ چاہیں گے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔