یونیورسٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ریسورس سنٹر و ڈیٹا بینک کی جانب سے مرتب کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق پہلے دن 6500طلبہ لاگ اِن ہوئے اور 350ٹیچرز کی طرف سے 2818کورس فائلیں اور اسائن منٹس اَپ لوڈ کی گئیں۔ ایل ایم ایس سسٹم پر اَپ لوڈ ہونے والے کورسز سے 1لاکھ پانچ ہزار مرتبہ رسائی ہوئی جبکہ آن لائن اٹنڈنٹس مینجمنٹ سسٹم میں 109ٹیچرز نے لاگ اِن ہوکر 720کورس فائلیں اپ لوڈ کیں جن میں سے 372کورسز سے طلبہ نے رسائی لی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے طلبہ کی آن لائن کلاسز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری کئے جانیوالے اپنے ویڈیو پیغام میں طلبہ‘ انتظامی و تدریسی و سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کی جانیوالی ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمدیقینی بنانے ہوئے اپنے ساتھ ساتھ اپنے پیاروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا‘ ایل ایم ایس‘سکائپ‘ یو ٹیوب اور دوسرے ذرائع کی موجودگی میں کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں تعلیمی اداروں میں تعطیلات کو ان کے تدریسی عمل میں ہرگزرکاوٹ نہیں بننا چاہئے یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے آن لائن کلاسز کابروقت اجراء کر دیا گیا ہے جوکامیابی سے اپنے ہداف کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے دنیا کے تمام ممالک اور معاشروں میں حکمت عملی ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن کے بروقت فیصلے کے نتیجہ میں طلبہ کو گھروں میں قیام کے دوران تدریسی سرگرمیوں میں مصروف رکھنا اہم سنگ میل ہوگا جس کیلئے اساتذہ پوری توانائیاں صرف کر رہے ہیں تاکہ تعطیلات کے دوران ان کا تعلیمی حرج نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی ممکن بنانے کیلئے وائس چانسلر‘ رجسٹرار اور ٹریژرآفس کا ضروری عملہ خدمت کے جذبے کے ساتھ یونیورسٹی میں ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے جبکہ طلبہ کے ساتھ ساتھ کیمپس کمیونٹی کو تازہ ترین اطلاعات کی فراہمی کیلئے شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات‘ سیکورٹی‘ صفائی ستھرائی‘خوبصورت لینڈ سکیپنگ اور سینی ٹیشن‘ بجلی‘ پانی و گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ اور انجینئرنگ و کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کا عملہ بھی اپنی ذمہ داریاں خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے آن لائن کورسز پر عملداری کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس‘کوالٹی انہانس منٹ سیل اور آئی ٹی کی ٹیمیں تسلسل کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں جو لائق تحسین ہیں۔