جہاں ضرورت کے تحت قرنطینہ اقدامات کے حوالے سے بیرون ملک سے آنیوالے زائرین کوآئسولیشن اور مانیٹرنگ میں رکھا جا سکے گا۔اس حوالے سے ایک غیرمعمولی اجلاس یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں چیف ہال وارڈن ڈاکٹر محمد یاسین‘ رجسٹرار عمر سعید قادری اوردیگر متعلقین نے کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور ممکنہ چیلنجز کے حوالے سے تفصیل سے غور و خوض کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز)نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ضرورت کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ چوبیس گھنٹے ہر طرح کی سہولت اور مدد کے ساتھ دستیاب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنے تمام اقامتی ہاسٹلز مکمل سہولیات کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کیلئے دستیاب کر دیئے ہیں تاکہ بیرون ملک سے واپس آنیوالے زائرین کومکمل طور پر آئسولیشن میں رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس قومی بحران پر یونیورسٹی انتظامیہ حکومتی اداروں کی مکمل مدد اور سہولت کا فریضہ ایک قومی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرنے کی آرزومند ہے جس کیلئے تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے۔انہوں نے چیف ہال وارڈن کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں ممکنہ قرنطینہ سنٹر کے قیام کے حوالے سے وسیع تر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس ناگہانی آفت کا مقابلہ کرنے کیلئے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لائی جا سکیں۔چیف ہال واڈن ڈاکٹر محمد یاسین نے بتایا کہ اقامتی طلبہ کے کمروں کی تمام اشیاء محفوظ ہیں اور انہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے لہٰذا والدین اور طلبہ کو کسی قسم کی فکر کی چنداں ضرورت نہیں۔