یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے 4فروری کو جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی جانب سے ڈاکٹر محمد اشرف کی تعیناتی کو غیرقانونی قرار دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر محمد اشرف اور حکومت پنجاب کی اپیلوں پر سماعت کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ جاری کیا۔ڈویژنل بنچ نے سرچ کمیٹی کی جانب سے وائس چانسلرکی تقرری کیلئے بھیجے جانیوالے تین موزوں اُمیدواروں کے پینل میں سے کسی کوبھی وائس چانسلرمقرر کرنے کے مجاز اتھارٹی کوحاصل صوابدیدی اختیار کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے سنگل جج کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے احکامات جاری کئے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے لاہور سے واپسی پر اپنے دفتری اُمور کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ یونیورسٹی کی تعمیر وترقی اور طلبہ‘ اساتذہ‘ انتظامی افسران و سٹاف سمیت پوری کیمپس کمیونٹی کی فلاح و بہبود اوران کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے سلسلے کو وہی سے شروع کریں گے جہاں سے یہ سلسلہ منقطع ہوا تھا۔یونیورسٹی کے تمام ڈینز و ڈائریکٹرز‘ انتظامی افسران‘ تدریسی و انتظامی افسران و سٹاف کی بڑی تعداد نے وائس چانسلرآفس میں ان کا استقبال کیا اور توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اشرف(ہلال امتیاز) کی ولولہ انگیز قیادت میں قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کی نئی مثالیں قائم کرے گی۔