نیو سنڈیکیٹ روم میں ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے ڈین سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ‘ پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال‘ ڈین سوشل زرعی انجینئرنگ ڈاکٹر اللہ بخش‘ ڈین کلیہ اُمور حیوانات ڈاکٹر اسلم مرزا‘ ڈین فوڈ سائنس ڈاکٹر مقصود صادق بٹ‘ڈین ویٹرنری سائنس ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ٹریژر و رجسٹرار عمر سعید قادری کے ہمراہ مہمان سرکاری افسران کو یونیورسٹی کی عمومی سرگرمیوں پر بریف کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے یونیورسٹی میں سیڈپروڈکشن سنٹر اور ٹڈی دل ریسرچ سنٹر کیلئے تجاویز مانگ لی گئی ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ اس حوالے سے جلد ہی اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی سائنس دانوں نے آئل سیڈ کراپس میں براسیکاUAF11کی ایسی ورائٹی متعارف کروائی ہے جو صرف تین ماہ میں تیار ہونے کے ساتھ ساتھ 46فیصد آئل کانٹنٹ اور فی ایکڑ زیادہ مقدار کی حامل ہے جبکہ پنجاب 896کے نام سے کاٹن کی ایسی ورائٹی مارکیٹ میں اُتاری ہے جس کے ٹینڈے ایک ہی وقت کھلنے کے ساتھ ساتھ اس کی مشین کے ساتھ چنائی بھی ممکن ہوگی جو کوالٹی اور قیمت میں روایتی کپاس سے زیادہ بہتر ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی ماہرین نے ایسی بائیو ہربیسائیڈز بھی متعارف کروائے ہیں جو ایک طرف فصل کی نقصان دہ جڑی بوٹیوں کو بڑھنے سے روکتے ہیں تو دوسری جانب پیداوار میں غیرمعمولی اضافے کو بھی رواج دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے حال ہی میں ایگریکلچر و فارسٹری میں دنیا کی 88ویں بہترین جامعہ کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے پورے ملک سے کسی بھی سبجیکٹ کیٹیگری میں دنیا کی 100بہترین جامعات کی فہرست کا حصہ بننے کا منفرد مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے گزشتہ سال کے مقابلے میں سال 2020ء کیلئے اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری پیدا کرکے یہ منفرد اعزاز حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی ماہرین نے چھوٹے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے ملٹی نیوٹریشن لیکوئیڈفرٹیلائزرمشین تیار کرنے کے ساتھ ساتھ واٹر مانیٹرنگ اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز میں مصنوعی ذہانت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے رنگوں کے شیڈز میں کوالٹی کو یقینی بنانے کیلئے اہم کام کیا ہے۔مڈکیریئرافسران نے بعد ازاں انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز‘ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز‘ کیب اور ایکسپو سنٹر میں زرعی نمائش کا بھی دورہ کیا۔