یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں منعقدہ سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی عمرمقبول‘ یونیورسٹی ٹریژر عمر سعید قادری‘ ناظم امتحانات و کنونیئرکلین و گرین پاکستان پروگرام جامعہ زرعیہ ڈاکٹر طاہر صدیقی‘ پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال‘ ڈین سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ‘ ڈین فوڈ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈاکٹر شہزاد مقصود بسراو دیگر نے مہم کے حوالے سے اپنے خیالات اور اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی عمر مقبول نے کہا کہ ہرچند ہر ادارہ اپنی سطح پر مہم کی کامیابی کیلئے کوشاں ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ نوجوانوں کو اس مہم کا ہراول دستہ بناکر اس کی کامیابی کو کو کم عرصے میں یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اور کے پی کے صوبوں کے تمام اضلاع کے مابین کلین و گرین پاکستان مہم کیلئے مقرر کئے گئے اہداف میں انتہائی کامیاب اور انتہائی پیچھے کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں لہٰذا ہمیں اپنے ضلع کی حد تک وہ تمام کاوشیں بروئے کار لانی ہیں جن کے ذریعے فیصل آباد کو ملک بھر میں سبقت حاصل ہوسکے۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ انڈرائیڈموبائل ایپ کلین و گرین چمپئن کوڈاؤن لوڈ اور خود کو رجسٹرکرکے صاف پانی‘ سینی ٹیشن‘ ویسٹ مینجمنٹ‘ ہائی جین اور ٹری پلانٹیشن کے حوالے سے اپنی کامیابیاں اَپ لوڈ کریں تاکہ فیصل آباد کو پورے ملک کا چمپئن ضلع بنانے کے عزم کو مزید توانائیوں سے آگے بڑھایا جا سکے۔ یونیورسٹی ٹریژرعمر سعید قادری نے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ذمہ داران کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محض بیانات سے آگے نکل کر عملی میدان میں آنا ہوگا اور مختصر و طویل المد ت اہداف کا تعین کرکے پیش رفت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں طوفان‘ سیلاب‘ زلزلے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے زندگی کو نئے چیلنجزدرپیش ہیں جن کیلئے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو پوری تندہی سے ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی پاکستانی آبادی میں نصف لوگ 15سے 35سال کے نوجوانوں پر مشتمل ہیں جن کی صلاحیتوں کو چینلائز کرکے انہیں اس مہم کا توانا اور کلیدی حصہ بنالیا جائے تو کامیابی کو یقینی بنایا جاسکتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب امارات میں ٹری پلانٹیشن اور پائیدار ترقیاتی اہداف کو پرائمری سطح پر سکول سلیبس کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیاد ت میں یہ موضوع پورے ملک کیلئے یکساں نصاب تعلیم کا ضروری حصہ بنے گا۔ پرنسپل آفیسرسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال نے بتایا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ نو مہینوں کے دوران 30ہزار سے زائد پودے لگا کر پورے ضلع میں سبقت حاصل کی ہے جبکہ خوبصورت لینڈسکیپنگ‘ صفائی ستھرائی اور چوک چوراہوں کی سجاوٹ کو وزیراعلیٰ و گورنر پنجاب کی خصوصی پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپس کمیونٹی کاہرفرد پیشہ وارانہ حیثیت کے ساتھ ساتھ میں ایک مالی اور چوکیدار کی ذمہ داری بھی ادا کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پورے کیمپس میں پیدا ہونیوالے کچرے کوپوری ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران پوری کمیونٹی کا مائنڈ سیٹ تبدیل کر دیا ہے جس سے کیمپس ماضی کے مقابلے میں کئی درجہ خوبصورت اور صاف و شفاف ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر صدیقی نے کہاکہ یونیورسٹی میں ہر طالب علم کو دو درخت لگانے کی ذمہ داری دی گئی ہے جس کی مکمل مانیٹرنگ اور ڈیٹابیس تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مہم کیلئے درآمدی پودوں کے بجائے اپنے مقامی پودوں کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جس تندہی اور توانائی کے ساتھ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو کلین و گرین کرنے میں مصروف عمل ہے وہ یقینابارآور ثابت ہونگی۔تقریب کے آخر میں پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عمر مقبول‘ ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ‘ ٹریژرعمر سعید قادری‘ ڈاکٹر مسعود صادق بٹ اور ڈاکٹر طاہر صدیقی نے اسٹیٹ مینجمنٹ کی طرف سے وائس چانسلرز آفس کے عقب میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے سلسلہ میں انار کے پودے بھی لگائے۔
مالیاتی اُمور کے ماہر عمر سعید قادری نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ٹریژرکے طو رپر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کر دیا۔ٹریژر و رجسٹرار آفس کے جملہ سٹاف سمیت یونیورسٹی کے انتظامی سٹاف نے ایڈمن بلاک کے گیٹ پر نئے ٹریژرکا پرتپاک استقبال کیا۔ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عیسیٰ خان‘ سیکرٹری ڈاکٹر انجم ضیاء‘ پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال‘ سیکرٹری ٹو وائس چانسلرمحمد جمیل‘ ڈین سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ‘ ڈین ویٹرنری سائنس ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر محمود رندھاوا‘ ڈاکٹر اشفاق چٹھہ‘ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس ڈاکٹر جاوید اختر‘ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد طاہر‘ چیئرمین ایگرانومی ڈاکٹر آصف تنویر‘ سابق رجسٹرار شیخ محمد اکرم‘ سابق ٹریژراقبال قریشی‘ڈائریکٹرواٹر مینجمنٹ ڈاکٹر ارشاد‘ ناظم اُمور طلبہ ڈاکٹر طالب ساہی سمیت تدریسی و انتظامی افسران کی کثیر تعداد نے انہیں نئی ذمہ داریوں کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے یونیورسٹی کمیونٹی اور ادارہ کی ترقی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ یاد رہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ٹریژرکی تعیناتی کیلئے مقرر کی گئی سرچ کمیٹی کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کیلئے بھیجے گئے اُمیدواروں کے پینل میں عمرسعید قادری کو میرٹ پر پہلی پوزیشن پر رکھا گیاتھا جس کی منظوری کے بعد چانسلرجامعہ زرعیہ کی طرف سے سیکرٹری زراعت کو عمرسعید قادری کی تقرری کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔عمر سعید قادری جو اسی جامعہ سے ایم بی اے کی ڈگری رکھنے والے سپوت ہیں‘ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس کے فیلوممبرہونے کے ساتھ ساتھ چارٹرڈانسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس و اکاؤنٹنٹس برطانیہ کے افیلی ایٹ ممبراور انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنل آڈٹرزامریکہ کے پروفیشنل ممبرہونے کا منفرد اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ وہ مالیاتی اُمور میں مہارت کیلئے برطانیہ‘ ترکی‘ متحدہ عرب امارات‘ سعودی عرب اور اومان میں منعقد ہونیوالی مختلف تربیتی ورکشاپس کا بھی حصہ رہے ہیں اور حال ہی میں حکومت پنجاب محکمہ زراعت کے تین سو سے زائد افسران اور یونیورسٹی کے جملہ ملازمین کیلئے ای گورننس اور فنانشل مینجمنٹ پر منعقدہ ورکشاپس میں کلیدی مقرر کے طور بھی اپنے تجربات شرکاء تک پہنچاچکے ہیں۔ عمر سعید قادری ملک بھر میں مالیاتی اُمور‘ پراجیکٹ مینجمنٹ اور پیپرا رولز کی عملداری اور وضاحت کے حوالے سے ایک مستند اتھارٹی کی حیثیت رکھتے ہیں۔