یونیورسٹی کے کیس آڈیٹوریم میں اورک اور محکمہ زراعت کے اشتراک سے چار ہفتوں پر مشتمل ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر عابد محمود نے مہمان خصوصی کے طو رپر شرکت کی۔ ڈائریکٹر اورک جامعہ زرعیہ پروفیسرڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ ان کا دفتر قبل ازیں محکمہ زراعت حکومت پنجاب کے افسران کی فنانشل و ایڈمنسٹریٹواستعداد کار میں اضافہ پر مبنی دو ورکشاپس کامیابی سے منعقد کر چکا ہے جس میں سینئر مینجمنٹ کے افسران کو پیڈاایکٹ‘ لیورولز‘ پیپرارولز‘ ای گورننس‘ فنانشل مینجمنٹ‘ پراجیکٹ مینجمنٹ سمیت سرکاری افسران کے روزمرہ اُمور سے متعلقہ معاملات میں بہتری کی تربیت فراہم کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت حکومت پنجاب کی طرف سے افسران کی ترقیوں کے حوالے سے پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جس کے مطابق نیپا کی طرز پر تربیتی ورکشاپس میں شامل ہونے والے افسران کو ہی ترقیوں کیلئے زیرغور لایا جائے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ یونیورسٹی اکیڈمک کونسل کی طرف سے یونیورسٹی میں ٹریننگ سینٹر کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے ذریعے یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچرریسرچ ڈاکٹر عابد محمود نے کہا کہ ہرچند اس سے پہلے یونیورسٹی میں اسی نوعیت کی دو ورکشاپس منعقد ہوچکی ہیں جن میں ایک سو سے زائد افسران کو عہدجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تمام جملہ اُمور کی تربیت فراہم کی گئی ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ تیسرے سیشن میں شامل ہونے والے 87شرکاء اپنے اذہان و قلب میں آنیوالے تمام سوالات کا کھل کر اظہار کریں تاکہ جملہ اُمور کا تمام پہلوؤں سے باریک بینی کے ساتھ مفصل جواب ان تک پہنچایا جا سکے۔ تقریب کی نقابت کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عبدالرشید ملک نے ادا کئے۔