یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کے صوبائی وزیرچوہدری محمد اجمل چیمہ تھے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی میاں خیال کاسترونے مہمان اعزاز کے طو رپر تقریب میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں اجمل چیمہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے 62مستحق ا فراد کوملازمت کے تقررنامے تقسیم کرنے کو تحریک انصاف کی حکومت کے روزگار فراہم کرنے پر مبنی پروگرام میں شمولیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس کارخیر میں شمولیت سے وہ اپنے لئے خوش قسمتی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے ملازمت حاصل کرنے والوں پر زور دیا کہ اپنی تمام صلاحیتیں اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے صرف کریں اور مکمل یکسوئی اور خلوص کے ساتھ اپنا کام کریں یہ ان کیلئے فوت ہونے والے پیاروں کیلئے بھی صدقہ جاریہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس خلوص اور محنت کے ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین اور زیرتعلیم طلبہ کے مسائل کو حل کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کلین و گرین پاکستان کیلئے یونیورسٹی مثالی کردار اداکر رہی ہے جسے دوسری جامعات میں بھی دہرانا چاہئے۔ تقریب کے شرکاء سے اپنے استقبالیہ خطاب میں یونیورسٹی کے وائس چانسرپروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے اپنے آٹھ ماہ کی کارکردگی رکھتے ہوئے بتایا کہ اس دوران اکیڈمک کونسل‘ جی ایس آر بی‘ کانووکیشن‘سینٹ‘ سلیکشن بور ڈ اور سنڈیکیٹ کے متعدد اجلاس منعقد کرکے دوسرے اُمورمیں گزشتہ سالوں سے رُکی ہوئی پیش رفت کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ سو سے زائد اساتذہ کی ترقیوں اور تقرریوں کی منظوری دی جبکہ تین برسوں سے اپنے حق کے منتظر 457ملازمین کی اَپ گریڈیشن کے احکامات جاری کئے جس سے اب وہ مکمل یکسوئی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج 62ایسے ملازمین میں تقرر نامے تقسیم کئے جا رہے ہیں جن کے پیارے یونیورسٹی سروس کے دوران اللہ کو پیارے ہوگئے لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ اپنے پیاروں سے محروم ہونیوالے غمزدہ خاندانوں کیلئے روزگارجیسے نیک کام میں حصہ لینے والے تمام افراد کارخیر میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو مختصر عرصہ میں سب سے زیادہ کلین وگرین کیمپس بنانے کیلئے انہیں پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ و انجینئرنگ و کنسٹرکشن ڈاکٹر قمر بلال جیسے متحرک اور محنتی آفیسرکی مدد حاصل ہے جس کا کہنا ہے کہ ابھی انہوں نے 30فیصد ہدف حاصل کیا ہے اور پرعزم ہے کہ جلد ہی بقیہ اہداف بھی کامیابی سے حاصل کرلیں ے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی سینٹ نے گزشتہ دنوں دس سال تک ایک ہی پے سکیل میں کام کرنیوالے اہل ملازمین کو اگلے سکیل میں ٹائم سکیل پروموشن کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کی آسامی کو گریڈ4سے 7میں اَپ گریڈ کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے جس سے سینکڑوں ملازمین کی اپ گریڈیشن بھی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں محنتی‘ پرخلوص اور قابل ٹیم کی خدمات میسر ہیں لہٰذا وہ یونیورسٹی کو تمام حوالوں سے تیزی سے عالمی افق پر ابھرتی ہوئی جامعہ بنانے کے آرزومند ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیراجمل چیمہ نے رکن پنجاب اسمبلی میاں خیال کاسترو اور وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف کے ہمراہ بھرتی ہونیوالے 62ملازمین میں تقررنامے تقسیم کئے۔