یونیورسٹی کے وائس چانسلرزآفس کے میٹنگ روم میں اینگروفرٹیلائزرکے چیف کمرشل آفیسرعامر اقبال کی قیادت میں پراجیکٹ ڈائریکٹر عابد الیاس ڈار اور عبدالرحمن پر مشتمل ٹیم نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجزپروفیسرڈاکٹر رشید احمد‘ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹینشن و رورل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر خالد محمود چوہدری‘ پرنسپل انویسٹی گیٹر ڈاکٹر بابرشہباز‘ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیراور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز ڈاکٹر محمد یاسین کے ہمراہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اینگرو کے چیف کمرشل آفیسرعامر اقبال کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ یونیورسٹی انڈسٹری کے ساتھ اپنے روابط قائم کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجودمعاہدوں میں بھی گرمجوشی پیدا کرنے کی خواہش مند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ انڈسٹری نہ صرف یونیورسٹی کے ایکسپو سنٹر میں اپنی پراڈکٹس و ٹیکنالوجی کے ساتھ مستقبل نمائش کا حصہ بنیں بلکہ اپنی دیگر ریسرچ و ڈیلپمنٹ سرگرمیوں کی لائیونمائش کیلئے بھی آگے بڑھیں تاکہ یونیورسٹی آنیوالے مہمانوں کے ساتھ ساتھ پڑھنے والے طلبہ کیلئے بھی سیکھنے کے مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈپلیٹ فارم سے آئی سی ٹی کے ذریعے ٹیکنالوجی ٹرانسفرپروگرام میں اینگروفرٹیلائزرکی شمولیت انتہائی مفید ثابت ہوگی جس میں دیہی سطح پر کسانوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل اور کمیونٹی سینٹرز کے ذریعے موثر رابطوں کا راستہ ہموا ر ہوگا۔ اینگرو کے چیف کمرشل آفیسرعامر اقبال نے کہا کہ ان کا ادارہ یونیورسٹی میں مربوط لرننگ سینٹر کے قیام کا آرزومند ہے جس میں بیج سے لیکر فصل کی برداشت و پراسیسنگ کے تمام مراحل کی لائیوسرگرمیوں کی نمائش کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اینگرو بین الاقوامی شہر کا بڑا قومی ادارہ ہونے کے ناطے اپنی یہ ذمہ داری سمجھتا ہے کہ دیہی نوجوانوں خصوصاً خواتین کے ذریعے جدید زرعی ٹیکنالوجی کوکاشتکارگھرانوں تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ایک ایسا شعبہ ہے جس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوان لڑکے لڑکیوں کیلئے دفاتر کی ملازمت نہ ہونے کے برابر ہے لہٰذا اگر وہ خود کو ذہنی طور پر فیلڈورک کیلئے تیار کرکے ایگریکلچر جاب مارکیٹ کا حصہ بنیں تو ان کیلئے آگے بڑھنے کے لاتعداد مواقع ہیں۔ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے پرنسپل انویسٹی گیٹر ڈاکٹر بابر شہباز نے کہا کہ انہوں نے پہلے سے دیہی سطح پر زرعی بیٹھک اور کمیونٹی سینٹرز کا نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے جس میں آئی سی ٹی کے ذریعے ٹیکنالوجی ٹرانسفرکی سرگرمیوں کو دیہی سطح پر فروغ دیا جائے گا۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے ”ایفرٹ“کے پلیٹ فارم کو بروئے کار لاتے ہوئے مشترکہ طو رپر سیمینار‘ ورکشاپس اور کانفرنس منعقد کریں گے جبکہ یونیورسٹی طلبہ کے لئے اینگروپیوپراجیکٹ کے وزٹس بھی پروگرام میں شامل ہوں گے۔