یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ گلوبل یونیورسٹی رینکنگ کی اوورآل کیٹگری کی تازہ ترین درجہ بندی میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو ایشیاء کی 284ویں‘ملک کی چوتھی جبکہ صوبے کی بہترین جامعہ قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 13کوالٹی پیرامیٹرز میں جانچ پڑتال کے بعد یونیورسٹی کو دنیا کی 1072ویں بہترین یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے جبکہ گلوبل سبجیکٹ رینکنگ میں اسے ایگریکلچرل سائنسزکی 82ویں‘ انوائرمنٹل و اکالوجی میں 255ویں اور پلانٹ و اینمل سائنسز میں دنیا کی 257ویں بہترین جامعہ کا اعزازحاصل ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ کسی بھی سبجیکٹ کیٹگری میں دنیا کی 100ممتاز جامعات میں شامل ہونے کا منفرد اعزاز پاکستان میں صرف زرعی یونیورسٹی کو حاصل ہواہے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف(ہلال امتیاز) جن کا شمار دنیا کے ایک فیصد(ہائیلی سائیٹڈ ریسرچر) ممتاز سائنس دانوں میں ہوتا ہے‘ نے حالیہ رینکنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ اور ماہرین کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماہرین کی مزید محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتیوں کے بہترین استعمال سے یونیورسٹی جلد ہی کیو ایس اور ٹائمز رینکنگ میں دنیا کی 500بہترین جامعات کی فہرست میں شامل ہوجائے گی۔