یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز)نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی میں یونی فوڈزاور یونی واٹر کے حوالے سے بریفنگ میں حصہ لیتے ہوئے کہیں۔ ڈاکٹر اشرف نے بتایا کہ انہوں نے یونیورسٹی قیادت سنبھالنے کے مختصر عرصہ کے دوران فارم ڈی کے ڈگری پروگرام کی منظوری کے ساتھ ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تین درجن سے زائد ڈگری پروگرامز کی منظوری حاصل کی گئی ہے جبکہ ہائی ٹیک لیبارٹری کو ISOسرٹیفکیشن کی حامل لیب بنوانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی مارکیٹ اکانومی میں اپنا سکہ منوانے والی تمام بڑی کمپنیوں نے جامعات میں ہی آنکھ کھولی تھی لہٰذا پاکستان اس حوالے سے خوش قسمت ترین ملک ہے کہ اس کی 65آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو اپنی جامعات کے ذریعے تمام حوالوں سے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے پنجاب سیڈ کونسل کے حالیہ اجلاس میں منظور کی جانیوالی دونوں ورائیٹوں کے ٹیم لیڈر ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت اور ڈاکٹر شہزاد مقصود بسراکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں جامعات ہی بزنس اختراعات اورنئے رجحانات متعارف کروانا میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں
کہ اگر یونیورسٹی طلبہ خصوصاً فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی اور بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کرنے والوں کو اس وقت تک ڈگری عطاء نہ کی جائے جب تک وہ اپنے ذہن و قلب میں انگڑایاں لینے اور بے چینی پیدا کرنے والے بزنس آئیڈیاز کو عملی شکل سے ہمکنار نہیں کر لیتے۔ انہوں نے ڈین کلیہ فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ اور ٹیم لیڈر ڈاکٹر عمران پاشا کو ہدایت کی کہ ان کے زیرنگرانی تیار ہونے والی بیکری پراڈکٹس‘ منرل واٹر اور پھل و سبزیوں سے تیار ہونیوالی اشیاء کا بہترین معیار یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی پریزنٹیشن اور شوکیسنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ صارفین کی اولین ترجیح بن سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونی واٹر اور بیکری پراڈکٹس کے معیار کو عوامی سطح پر مستند بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دوسرے اداروں سے ان کی سرٹیفکیشن حاصل کر لی جائے تاکہ صارفین کسی خو ف اورہچکچاہٹ کے بغیر مصنوعات کو استعمال کر سکیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے بتایا کہ ان کی ٹیم یونی واٹر اور یونی فوڈز کی جملہ آئٹمزکی منفرداور جاذب نظر پیکنگ کو اپنی مارکٹنگ حکمت عملی کی ترجیح بناتے ہوئے آئی بی ایم ایس کے طلبہ کومارکٹنگ ٹیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جس کے ذریعے انہیں مصنوعات کی تیاری سے لیکر صارف کی میزتک پہنچانے کے تمام مراحل میں تربیت فراہم کی جا سکے۔آئی بی ایم ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مشتاق نے بتایا کہ ان کی ٹیم مصنوعات کی برینڈنگ اور ویڈیو اشتہار پر کام کر رہی ہے جو بہت جلد انتظامیہ کو پیش کر دیا جائے گا۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین شہر کے دیہی علاقوں کی فصلات سے نقصان دہ جڑی بوٹیوں خصوصاً گاجر بوٹی کے موثر تدارک کیلئے کوشاں ہیں اور حکومت پنجاب کی مہم کے ہراول دستہ کے طو رپریونیورسٹی اساتذہ اور طلبہ میدان عمل میں ہیں۔ اس حوالے سے چک نمبر4ج ب رام دیوالی میں کیبی اور زرعی یونیورسٹی کے اشتراک سے گاجر بوٹی کے تدارک کیلئے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے ادارہ زرعی توسیع و دیہی ترقی کے ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر اعجاز اشرف نے گاجر بوٹی سے فصلوں کی پیداوار میں کمی اور انسانی صحت پراس کے اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز کی نگران ڈاکٹر عائشہ ریاض اور شعبہ دیہی عمرانیات سے ڈاکٹر نائمہ نواز نے دیہی خواتین کے اجتماع میں گاجر بوٹی کے مضر اثرات اور پیداوار میں کمی کا احاطہ کیا۔ اس موقع پر سماجی رہنما عاصم رندھاوا نے کیبی اور زرعی یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس آگاہی سیمینار سے علاقہ میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگااور کسان کی معاشی حالت میں بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔