بھارت کواس امر کا بخوبی ادارک ہے کہ پاکستانی قوم کا ہر بچہ اس ملک کا سپاہی ہے اور وقت آنے پر افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر دشمن کا مقابلہ کرے گا۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے یوم دفاع کے حوالے سے نیو سینٹ ہال میں منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کے طو رپر اپنے خطاب میں کہیں۔ ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ بھارت کی 1.3ارب آبادی کے مقابلہ میں پاکستان 22کروڑ افراداور تعداد میں نسبتاً چھوٹی فوج کا ملک ہے لیکن ہم نے ہمیشہ اپنے عزم و حوصلے سے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کوناکوں چنے چبوائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار جیسے حالات میں جب روایتی ہتھیاروں کے بجائے بیکٹریا کے ذریعے انسانی آبادیوں کوتباہ کیا جا سکتا ہے‘ ایسے حالات میں ہمیں مضبوط معیشت کے ساتھ ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی بھارت پر برتری حاصل کرنا ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ ہماری فوج دنیا کی بہترین فورس ہے جس نے ہر طرح کے مشکل حالات میں اپنی برتری ثابت کی ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر چھوٹی موٹی شرارتوں سے بڑھ کر پاکستان پر حملے کی ہرگز جرأت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہاکہ 1965ء کی جنگ میں محدود اسلحہ اور دفاعی سازو سامان کے باوجود جس طرح پوری قوم نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح دفاع وطن میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بہادری اور جرأت کی تاریخ رقم کی تھی آج بھی وہی جذبہ ہمارا فخر اور مضبوطی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کس طرح اس قوم کو شکست دے سکتا ہے جس کا بچہ بچہ وطن پر قربان ہونے کیلئے بے قرار اور پرعزم ہو۔ انہوں نے امریکہ سمیت سلامتی کونسل کے ممبران تمام ممالک پر زور دیا کہ دو ایٹمی ممالک کے مابین تنازعہ کشمیر کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق پائیدار حل نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری نبھائیں کیونکہ کشمیریوں سے حق خودارادیت کا وعدہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل نے کیا تھا جسے پورا کیا جانا چاہے۔تقریب سے پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید خاں‘ نتاشہ مرتضی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف نے یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی سٹاف کے ہمراہ یکجہتی کشمیر اور دفاع پاکستان کی واک کی قیادت بھی کی۔