اکیڈمک کونسل کا اجلاس نیو سینٹ ہال میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف(ہلا ل امتیاز) کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں انڈرگریجوایٹ داخلوں‘ سب کیمپسز میں ضرورت کی بنیاد پر نئے ڈگری پروگرام شروع کرنے اور سکیم آف سٹڈیزمیں جدید تقاضوں کے مطابق تبدیلیوں پر غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے ڈائریکٹر ریسرچ پر زور دیا کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن سمیت ملکی و غیرملکی فنڈنگ ایجنسیوں سے بنیادی تحقیق کے بجائے اطلاقی تحقیقاتی منصوبوں کیلئے فنڈنگ کی حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ یونیورسٹی کے ریسرچ پورٹ فولیو کو 4ارب روپے تک بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی واشنگٹن ایکارڈمیں شمولیت سے ہمارے انجینئرز کا معیار امریکی اور برطانوی انجینئرز کے ہم پلہ قرار دیا جا چکا ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کیلئے بھی ایک بڑی کامیابی اور عالمی پذیرائی کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر کوالٹی انہانس منٹ اور ڈائریکٹر ایڈمکس کو ہدایت کی کہ اکیڈمک نوعیت کے معاملات کو کسی بھی سٹیچوری باڈی میں منظوری کیلئے پیش کرنے سے قبل ان کی یونیفارم فارمٹنگ اور مواد کی نوک پلک اچھی طرح سنواری جائے تاکہ ایڈمک کونسل جیسے تھنک ٹینک میں سیرحاصل بحث کے بعد ان کی منظوری حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے حکومتی اداروں سے یونیورسٹی کی متعارف کردہ قنوا ورائٹی کی ممکنہ منظوری کو سراہتے ہوئے ماہرین پر زور دیا کہ ورائٹٹل ڈویلپمنٹ کے سلسلہ میں سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لائیں تاکہ یونیورسٹی تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کیلئے نئی ٹیکنالوجی اور ورائٹیاں بھی سامنے لائے جس سے معاشرے میں یونیورسٹی کے مقام و مرتبہ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کی درجہ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈائریکٹر کوالٹی انہانس منٹ کو ہدایت کی کہ تمام کوالٹی پیرامیٹرز کی روشنی میں تدریسی شعبہ جات کی رینکنگ کی جائے تاکہ کمزورشعبوں کو اوپر اُٹھانے کیلئے ان کی مدد کی جا سکے۔ آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور ڈیجٹیل ٹیکنالوجی کی افادیت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے آئی ٹی‘ شماریات اور زرعی ماہرین کو آئی ٹی بیسڈ پری سیئن ایگریکلچرکیلئے مشترکہ طو رپر کام کرنا ہوگا تاکہ مقامی حالات اور کاشتکاروں کی ضرورت کے مطابق ان کے مسائل کا پائیدار حل ان تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے یونیورسٹی میں جلد ہی مجازاتھارٹیز کے ای ایجنڈا‘ سرکاری اُمور میں پیش رفت کو ٹریکنگ سسٹم سے منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ پیپرلیس دفاترکے ذریعے یونیورسٹی اُمورکو شفاف‘ تیز رفتار اور آسان بنایا جائیگا۔ انہوں نے تمام تدریسی سٹاف کو ہدایت کی کہ اپنی کورس فائل ہمہ وقت تیار رکھنے کے ساتھ اتھ کلاس شیڈول کی پابندی اور ابلاغیاتی ہنرسے خودکو مہمیز کریں تاکہ طلبہ تک تمام علم اور ہنر بخوبی پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پیشہ ورکونسلز سے 32سے زائد غیرمنظورشدہ ڈگری پروگرامز کی منظوری حاصل کر لی ہے جس سے ہمارے کسی طالب علم کو مستقبل میں ڈگری کی منظوری یا تصدیق کیلئے پریشان نہیں ہونا پڑے گا۔ ڈاکٹر محمد اشرف نے شعبہ انٹومالوجی اور شعبہ پلانٹ پتھالوجی کے ماہرین پر زور دیا کہ پودوں کی صحت اورپیداوار کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کیلئے مفید فارمولیشن متعارف کروائیں تاکہ سفید مکھی‘ گلابی سنڈی اور میلی بھگ سے نجات حاصل کرکے زرعی برآمدات کوبین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرکے کثیرزرمبادلے کمانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ اکیڈیمک کونسل نے نئے تعلیمی سیشن سے کلیہ سوشل سائنسز میں بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر و ریسورس اکنامکس‘بورے والا سب کیمپس میں ایوننگ پروگرام کے تحت بی بی اے اور بنیادی سائنسز میں چار سالہ انڈرگریجوایٹ پروگرامز کے اجراء کی بھی منظوری دی۔ اکیڈمک کونسل نے ایم ایس سی (آنرز)‘ ایم فل اور ایم ایس پروگرامز میں پوزیشن ہولڈرز میں گولڈ‘ سلور اور براؤنز میڈلزکی بھی منظوری دی۔ رجسٹرار چوہدری محمد حسین نے اکیڈمک کونسل کی کارروائی کو آگے بڑھایا۔