وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی کرنے والے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آبا دکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ناصر امین اور دوسرے اراکین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تمام معاشروں میں جامعات کو ایسی دانش گاہ کے طو رپر قائم کیا جاتا ہے جہاں مختلف مضامین میں نیا علم سامنے لانے کے ساتھ ساتھ اس کی جدید خطوط پر ترویج بھی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سنڈیکیٹ فیصلہ سازی کے حوالے سے یونیورسٹی کی سپریم باڈی ہے جس میں یونیورسٹی کی تعلیم و تحقیق سمیت گورننس میں بہتر ی لانے کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس اعلیٰ اختیاراتی پلیٹ فارم کا حصہ بننے والے تمام افراد ہی اس حوالے سے ممتاز ہیں کہ وہ 30ہزار سے زائد کمیونٹی کے حامل ادارے کیلئے فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی یہ ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ یونیورسٹی کو عالمی سطح پر دنیا کی 500بہترین جامعات کی فہرست کا حصہ بنانے کیلئے جدوجہدکی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر زرعی یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ہم سے ایک سوال تسلسل کے ساتھ پوچھا جا رہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی ملک میں زرعی ترقی اور کسان کی خوشحالی میں کیا کردار ادا کر رہی ہے لہٰذا ہمیں چاہئے کہ قوم تک اس سوال کا موثرجواب چھوٹی زرعی مشینری کی مقامی تیاری و فروغ‘ ویلیو ایڈیشن اور بعدازبرداشت پراسیسنگ میں آسانیوں کے ذریعے دیں جس کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی چوہدری علی اختر‘ ڈاکٹر طاہرہ اقبال‘ ڈاکٹر سجاد احمدخاں‘ ڈاکٹراشفاق احمد چٹھہ‘ ڈاکٹر اعجاز بھٹی‘ ڈاکٹر عبدالناصر اعوان‘ مسٹر احسن رضا ستار‘ ڈاکٹر مصباح اعجاز‘ ڈاکٹر محمد اقبال شاہد ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ‘ محمود اختر رانا چیف پلاننگ و ایویلوایشن سیل محکمہ زراعت‘ مسٹر اعجاز اختر ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ فنانس ڈیپارٹمنٹ‘ رجسٹرار چوہدری محمد حسین اور ٹریژرطارق سعید شریک تھے۔