سنڈیکیٹ روم میں ڈینز کمیٹی کے ابتدائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے بعض سائنس دان صحیح معنوں میں نابغہ روزگار ہیں جنہیں سازگار ماحول اور وسائل سے مہمیز کیا جائے تو یقیناحیرتیں تخلیق کر سکتے ہیںاور وہ یقین دلاتے ہیں کہ نئی انتظامیہ کی تمام توانائیاں اساتذہ ‘ سائنس دانوں ‘ انتظامی سٹاف اور طلبہ کی فلاح و بہبود کیلئے صرف ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ محض خالی نعروں اور شماریاتی ہیرپھیر کے بجائے یونیورسٹی کو کیو ایس‘ ٹائمز اور اے آر ڈبلیویورینکنگ سسٹمزمیں نمایاں مقام دلانے کے ساتھ ساتھ ملک کی زرعی‘ اقتصادی اور سماجی ترقی میں یونیورسٹی کے تعمیری کردار میں اضافے کے آرزومند ہیں جس کیلئے وہ اپنی حکمت عملی جلد اساتذہ تک پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پورے کیریئر میں کبھی اساتذہ کی سیاست کا حصہ نہیں رہے اور پرعزم ہیں کہ یونیورسٹی کی تعلیمی ‘تحقیقی اور انتظامی پیش رفت میں کسی قسم کے سیاسی دباﺅ یا رکاوٹ کوحائل نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی سے بےجا سیاست اور منفی سوچ کی پوری قوت کے ساتھ بیخ کنی کی جائے گی اور صرف تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں نمایاں کارکردگی اور محنت ہی ترقیوں اور تقرریوں کا معیار ہوگا۔ انہوں نے یونیورسٹی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ جلد ہی حکومت سے منظوری حاصل کرکے نئے اساتذہ و معاون سٹاف کی خالی آسامیوںکو مشتہر کرکے میرٹ پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گاتاکہ سٹوڈنٹ و طلبہ کی شرح میں بڑھتی ہوئی خلیج کو کم کرتے ہوئے معیار تعلیم کو بلندکیا جاسکے۔ انہوں نے سائنس دانوں پر زور دیا کہ اطلاقی تحقیق پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر نئے کوالٹی پیرامیٹرزیعنی ایس ٹی آئیزکیلئے پیش رفت کریں اور زرعی اجناس و پھلوں کی نئی ورائٹیاں‘ ویلیو ایڈیشن و سیڈپروڈکشن سمیت ٹیکنالوجی پیٹنٹس کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر مالیاتی بحران کے تناظر میں ہمیں اپنے ذرائع سے آمدن بڑھانے کے راستے تلاش کرنا ہونگے جس کیلئے وہ جلد ڈینز‘ ڈائریکٹرز و چیئرمینوں کیساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کریں گے۔ ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ فنڈنگ ایجنسیوں سے بڑے تحقیقی فنڈز کا حصول یقینا ایک آرٹ ہے جسے نوجوان سائنس دانوں تک پہنچایا جائے گاتاکہ وہ اپنے تحقیقی آئیڈیاز کی بہتروموثر مارکیٹنگ کے ذریعے بھاری فنڈنگ کا حصول یقینی بناسکیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر کوالٹی انہانس منٹ سیل کو ہدایت کی کہ معیار تعلیم میں بہتری کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور مروجہ پیرامیٹرز پر پوری سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ماضی میں یونیورسٹی کی تعلیمی وتحقیقی کامیابیوں میں قائدانہ کردار پر تمام سابق وائس چانسلرزاور بالخصوص موجودہ پرووائس چانسلرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا کے کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کو تمام حوالوں سے ایک مثالی ادارہ بنانے کیلئے تمام توانائیاں صرف کی جائیں گی۔