یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں منعقد ہونے والے سیمینار ڈپٹی کمشنر پنجاب ریونیواتھارٹی احمد احسن اورٹیکس کنسلٹنٹ لاہور محسن بیگ نے شرکاءکو ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے شہریوں کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ ڈپٹی کمشنر پی آر اے احمد احسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ عام آدمی کسی بھی اتھارٹی کی طرف سے لاگو ٹیکس شرح سے گھبرا جاتا ہے جبکہ ٹیکس سے مراد قطعاً یہ نہیں کہ اس نے اسی شرح کے مطابق مکمل ٹیکس اداکرنا ہے بلکہ قانون اسے صرف وہ ٹیکس ادا کرنے کا پابند بناتا ہے جواس کی قیمت خرید اور قیمت فروخت کے درمیانی فرق پر لاگو ہوتا ہے بقیہ ٹیکس تو اس نے اپنے سپلائر سے انوائس حاصل کرکے ایڈجسٹ کروانا ہے۔ انہوں نے کہ کہا ٹیکس ڈے منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم دفاتر سے نکل کر کمیونٹی میں جائیں اور ان کے خدشات اور سوالات کا جواب دیں اس طرح ملک میں ٹیکس کی خاطر خواہ آگاہی ہوگی دوسرا لوگوں کے اذہان و قلوب میں موجود سوالات کا جواب بھی انہیں میسر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس بچانے یا ٹیکس چوری کو وہ بالکل اسی طرح سمجھتے ہیں کہ ہم اپنے ملازم سے تمام کام کی بخوبی انجام دہی کی توقع رکھتے ہیں لیکن اسے جائز تنخواہ سے بھی محروم کئے ہوئے ہیں لہٰذا ٹیکس کی ادائیگی ہم سب پر فرض ہے تبھی ہم ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان میں نافذ کیا جانیوالا ٹیکس سسٹم دنیا بھر میں آزمودہ اور اچھے نتائج کا حامل قرار دیا گیا ہے اور موجودہ حکومت اس کو مزید آسان بنانے اور تمام ٹیکسوں کو مربوط بنانے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ ٹریژرطارق سعید نے ٹیکس ڈے پر سمینار کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ود ہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر ٹیکس اکٹھا کرکے حکومتی اداروں میں جمع کرواتی ہے اور اس سے وابستہ ہزاروں لوگوں کو ٹیکس کا حساب لگانے ‘ ایڈجسٹمنٹ کرنے اور اس کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا وہ توقع رکھتے ہیں کہ سیمینار کے شرکاءکی ذہنوں میں ٹیکس کے حوالے سے موجود سوال کا انہیں ضرور جواب مل گیا ہوگا۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عمر سعید قادری نے کہا کہ مہذب ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں ٹیکس ضروریات زندگی پر لگایا جاتا ہے جو کہ چنداں مناسب نہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ملک میں ٹیکس صرف سہولیات اور لگژری پر لگایا جانا چاہئے تاکہ عوام پربے جا ٹیکسوں کا بوجھ کسی حد تک کم ہوسکے۔ تقریب سے محسن بیگ ٹیکس کنسلٹنٹ ‘ مس میمونہ اور ڈاکٹر عبدالرشید ملک نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔