زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے ہینڈ بال سٹیڈیم میں سپورٹس گالہ کا افتتاح کرتے ہوئے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی کے مقابلے میں بدقسمتی سے آج کے نوجوان اپنی توانائیاں گراﺅنڈز کی بجائے کمپیوٹر و موبائل سکرینز پر صرف کر رہے ہیں جس سے بہت سا وقت انہیں غیرضروری سرگرمیوں کی نذر ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلبہ کی جسمانی صحت کو یقینی بنانے کیلئے زیروپریڈکے طور پر2کریڈٹ آورز کا کورس ڈیزائن کیا جا رہا ہے جس میں حصہ لینے والے طلبہ کو اضافی نمبردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ صبح چھ بجے گراﺅنڈز میں حاضری اور سپورٹس میں بھرپور شرکت یقینی بنانے والے 30کھلاڑیوں کی خوراک کا خصوصی بندوبست کرے گی تاکہ سپورٹس کے میدان میں یونیورسٹی کو پروفیشنل کھلاڑی مہیا ہوسکیں۔ انہوں نے سپورٹس گالہ میں تمام اقامتی ہاسٹلز کے طلباءکی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں سارا سال تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سپورٹس کیلئے گراﺅنڈز کا رخ ضرور کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں نیا سپورٹس بورڈ تشکیل دے دیاگیا ہے جس میں سپورٹس میں قومی سطح پر کامیابیاں سمیٹنے والے اساتذہ شامل ہیں تاکہ وہ اپنے تجربات ومشاہدات نوجوان کھلاڑیوں کے سپرد کرکے انہیں کامیابی کی منزل سے ہمکنار کر سکیں۔ ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے بتایاکہ انہوں نے گزشتہ چالیس سال یونیورسٹی گراﺅنڈز میں گزارے ہیں لیکن آج ویران گراﺅنڈز دیکھ کر انہیں دکھ ہوتا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو گراﺅنڈز کی جانب لانے کیلئے ان کے اساتذہ بالعموم اور سپورٹس بورڈ کے اراکین بالخصوص اپنا کردار مزید توانائیوں سے ادا کریں گے۔چیف ہال وارڈن ڈاکٹر امجد اولکھ نے بتایا کہ یونیورسٹی میں ملک کا سب سے بڑا ہاسٹل سسٹم موجود ہے جہاں 12ہزار سے زائد طلباءو طالبات مقیم ہیں جن کیلئے اقامتی سہولیات میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ جشن بہاراں میں منعقد ہونے والے سپورٹس گالہ میں نوجوانوں کو تفریح کے بھرپور مواقع مہیا کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں ہاسٹل مینجمنٹ میں نوجوان ٹیم کی معاونت حاصل ہے اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ ہاسٹلز میں طلبہ کے قیام اور ان کیلئے سپورٹس سہولیات اور مواقعوںمیں بدستور اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ سپورٹس گالہ نوجوانوں میں قوت برداشت اور سپورٹس مین سپرٹ پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔افتتاحی تقریب سے سپرنٹنڈنٹ چیف ہال وارڈن ڈاکٹر اشفاق واحد نے بھی خطاب کیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس عاشق رسول اور فاروق اقبال بھی تقریب میں موجود تھے۔