یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ فردوس رائے نے ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن وہوم سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ انچارج انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنس ڈاکٹر عائشہ ریاض‘ لیکچرار صدف اقبال‘ انعم اصغر‘ عقیلہ منظور اور ڈاکٹر کرن خالد کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد دو درجن کے لگ بھگ سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ آج کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں جن کی معمولی تربیت اور کونسلنگ سے ان کیلئے خودروزگار کے لاتعداد مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ وفاقی حکومت کے کامیاب جوان پروگرام کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس سے لاکھوں نوجوانوں کو ہنریافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں کاروبار کیلئے آسان قرضو ں کی فراہمی بلاشبہ نئے اور خودانحصار پاکستان کی جانب اہم پیش رفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جامعات میں اس طرح کی نمائش کا انعقاد کرکے نوجوانوں کو صحت مند مقابلہ سازی اور اپنے آئیڈیاز کو دوسروں کے سامنے پیش کرنے کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ مکمل یکسوئی اور تیاری کے ساتھ دوسروں کے مقابلہ میں اپنے آئیڈیاز بہتر طور پر پیش کر سکیں۔ انہوں نے نمائش کے منتظمین پر زور دیا کہ شہر کی انڈسٹری اورخصوصاً ایوان صنعت و تجارت کے ذمہ داران کو بھی نمائش کیلئے مدعو کریں تاکہ ٹیکسٹائل سٹی میں ہونیوالی نمائش میں انڈسٹری کی ضروریات اور مسائل بھی سامنے آئیں تاکہ انہیں یونیورسٹی ماہرین اور نوجوانوں کی تحقیقات کا حصہ بنایا جا سکے۔