تاکہ وہ گھر سے دور گھرجیسے ماحول میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔ یونیورسٹی میں زیرتعلیم غیرملکی طلبہ کے سکریننگ ٹیسٹ لئے جائیں گے تاکہ ان کی صحت کو درپیش معمولی نوعیت کے مسئلے کی بروقت نشاندہی سے فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے انٹرنیشنل کلب کے زیراہتمام ایس ٹی سی ہال نئے داخل ہونیوالے طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں کہیں۔ ڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ جلد ہی غیرملکی طلبہ کیلئے مختص ہاسٹل زیڈ اے ہاشمی ہال کی تعمیر مرمت کے ساتھ ساتھ فرنیچر‘ کچن اور کامن روم کوبین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کروائے گی تاکہ اسے ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کے طلبہ کیلئے بھی پرکشش بنایا جا سکے۔افریقی و غیرمستحکم معیشت کے حامل ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے مطالبہ پر انہوں نے رجسٹرار طارق سعید کو ہدایت کی کہ ان کیلئے رعایتی فیس سٹرکچرمرتب کیا جائے تاکہ کم وسائل کے حامل طلبہ کیلئے کم فیس میں اعلیٰ تعلیم کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے غیرملکی طلبہ پر زور دیا کہ مکمل یکسوئی اور محنت کے ساتھ اپنی تعلیم و تحقیق کی سرگرمیوں کو آگے بڑھائیں اور کسی بھی مسئلے یا مشکل کی صورت میں فوری طو رپر ایڈوائزر سے رابطہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ وہ انٹرنیشنل کلب کیلئے نیا دفترنئے تعمیر ہونیوالے سٹوڈنٹ سہولت سینٹر میں قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں 21ہزار پودے لگائے گئے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ غیرملکی طلبہ کیمپس کوکلین و گرین رکھنے کیلئے یونیورسٹی طلبہ اپنا مکمل ا تعاون کریں۔ایڈوائزرانٹرنیشنل کلب پروفیسرڈاکٹر طاہر صدیقی نے کہا کہ ان کا دفتر گزشتہ دو دہائیوں سے غیرملکی طلبہ اور یونیورسٹی کے مابین پل کا کردار ادا کر رہا ہے او راس وقت 65غیرملکی طلبہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں جن کیلئے سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل کلب کے پلیٹ فارم سے سابق غیرملکی طلبہ کے ایلومنائی اجلاس کا انعقاد زیرغورہے جس کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ کا تعاون انتہائی اہم ہوگا۔ کلب کے صدر انعام اللہ مجددی نے مطالبہ کیا کہ انٹرنیشنل طلبہ کیلئے ہر سمسٹر میں تفریحی و معلوماتی وزٹس کی اجازت دی جائے تاکہ انہیں بھی پاکستان کی خوبصورتیوں کو قریب سے دیکھنے اوراس کی کامیابیوں سے جانکاری کا موقع مل سکے۔افریقی گیمبیا سے آئے ہوئے غیرملکی طالب علم مسٹر مورٹیلانے داخل ہونیوالے نئے غیرملکی طلبہ پر واضح کیا کہ انہوں نے زرعی یونیورسٹی میں داخلہ لیکر چنداں کوئی غلطی نہیں کی اور وہ پورے تیقن کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اس جیسا عظیم اور کلین و گرین کیمپس پورے پاکستان ہی نہیں دنیا میں نہیں۔ تقریب سے احسان اللہ جلالی‘ احسان اللہ شریفی‘ احسان دانش اور پرنسپل آفیسراُمور طلبہ ڈاکٹر سید آفتاب واجد نے بھی خطاب کیا۔