یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے انچارج آئی بی ایم ایس ڈاکٹر خالد مشتاق‘ ڈین کلیہ سوشل سائنسز ڈاکٹر محمود احمد رندھاوا‘ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز ڈاکٹر محمد ایوب چوہدری‘ ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عمر سعید قادری‘ صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر عامر جمیل‘ ڈاکٹر حبیب اسلم گابا‘ ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد‘ چیف ہال وارڈن ڈاکٹر محمد یاسین کے ہمراہ بزنس گالہ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر بزنس سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے بزنس آئیڈیاز کے ساتھ بزنس گالہ میں شامل ہونے والے نوجوان طلباء و طالبات پر زور دیا کہ مارکیٹ میں مکمل تحقیق اور صارفین کے رجحانات کے تناظر میں اپنے بزنس پلان میں پوری سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھیں تو وہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ضرور کامیاب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ آج نئے بزنس سٹارٹ اَپس میں ای کامرس کا بڑھتا ہوا کردار مستقبل میں کاروباری رجحانات کی خبر دے رہا ہے اور وہی لوگ اپنے کاروبار میں پائیدار ترقی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبہ میں پیش رفت کے ہنر سے مہمیز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلہ میں آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بدولت مصنوعات کی تشہیربہت آسان اور سستی ہو گئی ہے لہٰذا نئے آئیڈیاز کے ساتھ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی مدد سے کم وقت میں زیادہ لوگوں تک پیغام رسانی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بزنس گالہ میں شریک طلبہ کی کاروباری استعداد اور مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج پبلک و پرائیویٹ ادارے گریجوایٹ ہونیوالے نوجوانوں کیلئے اتنی تعداد میں ملازمتیں میسر نہیں کر سکتے لہٰذا ضروری ہے کہ نوجوان اپنے کاروباری رجحان کا دوران تعلیم ہی تعین کرکے اس کیلئے ذہن سازی کرلیں تاکہ عملی میدان میں انہیں زیادہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔